پنجاب میں حکومت کی جانب سے مفت آٹے کی تقسیم کے طریقہ کار اور ہلاکتوں کے خلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں عدالت سے غیرمعیاری آٹا کی فراہمی اور اس کی تقسیم کے مرحلہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے کر کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
جوڈیشل ایکٹوازم پینل کےسربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائراس درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت آٹے کی تقسیم کے لیے بہترین انتظامات نہیں کرسکی جس کے باعث صوبہ بھرمیں تقسیم کے دوران ہلاکتوں کے واقعات ہوئے ہیں۔
’رجسٹریشن اور میکنزم بنائے بغیر آٹے کی تقسیم سے عوام کو اذیت میں مبتلا رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے آٹے کا معیار بھی انتہائی غیرمعیاری ہے۔‘
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسی اور طریقہ کار کے باعث ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ مفت آٹا فراہمی کے لیے اکثر آٹا ملوں کو فراہم کی جانے والی گندم غیر معیاری ہے۔