ہر سماج میں شادیاں معمول کی بات سمجھی جاتی ہے لیکن روس میں ایک ایسی شادی ہوئی ہے جس نے پوری دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک لڑکی نے حیرت انگیز طور پربریف کیس سے شادی کرلی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کسی بھی جاندار کی بے جان شے سے شادی انتہائی حیران کن ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کی 24 سالہ رین گارڈن (Rain Gordon) جو پیشے کے اعتبار سے نرسری اسکول کی ٹیچر ہیں، نے شادی کے لیے ایک بریف کیس کا انتخاب کیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق رین گارڈن کو نہ صرف بے جان چیزوں سے پیار ہوجاتا ہے بلکہ حیرت انگیز طور پروہ ان کی طرف جسمانی اعتبار سے بھی راغب ہو جاتی ہیں۔
رین گارڈن نے شادی کے لیے جس بریف کیس کا انتخاب کیا ہے وہ انہوں نے پانچ سال قبل ایک دکان سے خریدا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسے دکان میں دیکھتے ہی وہ پہلی نگاہ کے پیار کا شکارہو گئیں اور اس پر سے نظریں ہٹانا ان کے لیے ممکن نہیں رہا تھا۔
روسی خاتون ٹیچر کا اس حوالے سے اپنے ایک انٹرویو میں کہنا ہے کہ بیشک! لوگ انہیں پاگل سمجھیں لیکن انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے بلکہ وہ اعلانیہ لوگوں کو اپنے پیار کی بابت بتاتی ہیں۔
رین گارڈن کہتی ہیں کہ جب وہ اس بریف کیس کی طرف دیکھتی ہیں تو ایک لمحے کے لیے ان کا دل دھڑکنا بھول جاتا ہے اوروہ اسے ایک ٹک دیکھتی رہ جاتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بریف کیس کے سلور، مرر ریفلیکشن سے بے انتہا پیار کرتی ہیں۔ انہیں شکوہ ہے کہ لوگ ان کے جذبات کو سمجھتے نہیں ہیں۔
رین گارڈن کی شادی گوکہ آفیشیل نہیں تھی لیکن اس میں ان کے گھر کے تمام افراد سمیت دوست احباب نے بھرپور شرکت کی تھی۔
وہ کہتی ہیں کہ تین سے چار گھنٹے تک وہ اپنے بریف کیس سے بات چیت کرسکتی ہیں اورکرتی بھی ہیں۔ بریف کیس کا نام انہوں نے گڈی ان رکھا ہے۔
دلچسپ امر ہے کہ رین گارڈن کا تعلق 2017 میں ایک مرد کے ساتھ بھی قائم ہوا تھا لیکن یہ رشتہ صرف دو سال ہی برقراررہا تھا۔
رین گارڈن کے مطابق جب انہیں بریف کیس اوراس شخص کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو انہوں نے بریف کیس کو چن لیا اور اپنی زندگی کا ساتھی بنا لیا۔