’100 روپے کا پودا یا 500 روپے کا باجا؟‘، رمضان چھیپا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سماجی کارکن رمضان چھیپا نے 14اگست پر بچوں اور والدین کے لیے ایک منفرد ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ انہوں نے بچوں کو فضولیات سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ 14اگست پر 100روپے خرچ کرکے پودا لگائیں ناکہ 500روپے خرچ کرکے باجے بجائیں جس کا کوئی مقصد ہی نہیں ہے۔

فلاحی ادارے چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ رمضان چھیپا نے 14اگست کے حوالے سے ایک سبق اموز ویڈیو بنائی ہے، جس کا مقصد بچوں اور والدین کو ایک اچھی ترغیب دینا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ دیکھی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: جشن آزادی پر ’باجا‘ بجانا ضروری ہے، ارکان پارلیمنٹ کیا کہتے ہیں؟

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک ریڑھی والے کے پاس جاتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ بھائی یہ باجا کتنے کا ہے، ریڑھی والا کہتا ہے کہ 500روپے کا، وہ اس ریڑھی والے سے پوچھتے ہیں کہ یہ کیا کام کرتا ہے؟ جس پر وہ باجا بجا کردکھاتا ہے کہ یہ کام کرتا ہے۔

اسی دوران وہ ایک پودوں کی نرسری میں جاتے ہیں، اور وہاں موجود شخص سے پوچھتے ہیں کہ سب سے کم قیمت میں کوئی ایک پودا دے دو، نرسری والا ایک پودا ان کی طرف بڑھاتا ہے اور کہتا ہے کہ یہ پودا 100روپے کا ہے۔

دونوں چیزیں ہاتھ میں اٹھائے رمضان چھیپا والدین کو پیغام دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ 100روپے خرچ کرکے بچوں کے مستقبل کو آباد کرنا ہے یا 500روپے خرچ کرکے اپنے بچوں کے مستقبل کو برباد کرنا ہے؟

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں باجے پر پابندی کیوں لگی؟

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنا یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ 100روپے خرچ کرکے اس 14اگست کو پاکستان کو سرسبز و شاداب بناؤں گا۔ انہوں نے باجا اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی فضولیات پر ہرگز اپنا پیسہ ضائع نہیں کروں گا، ساتھ ہی وہ باجے کو پھینکتے ہوئے زمین پر پودا لگانا شروع کردیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp