حسینہ واجد کا حوالہ دے کر وزیراعظم پاکستان کو کیا کہا جارہا ہے؟ مصدق ملک نے بتادیا

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا حوالہ دے کر وزیراعظم پاکستان کو بھاگنے کے راستے تلاش کرنے کو کہا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ شیخ حسینہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم تھی جسے بنگلہ دیش کے عوام نے نکالا، لیکن یہاں پاکستان میں گفتگو بنگلہ دیش کی ہورہی ہے، شیخ حسینہ واجد کا حوالہ دے کر پی ٹی آئی کے وزرا اسمبلی میں بیٹھ کر وزیراعظم شہباز شریف کو کہہ رہے ہیں کہ آپ بھی بھاگنے کے راستے ڈھونڈ لیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش: آئیں ہمارے ساتھ مل کر عوام کی خوشحالی کے لیے کام کریں، مصدق ملک

مصدق ملک نے کہا کہ عجیب سی بات ہے، معاملہ کسی اور ملک کا ہے، آپ یہاں پر پاکستان کو بنگلہ دیش بنانے کی باتیں کررہے ہیں۔ ’کہہ رہے ہیں پکڑ لیں گے، کہہ رہے ہیں جانے کا راستہ ڈھونڈ لیں، یعنی پاکستان میں انتشار ہونا چاہیے کیوں کہ بنگلہ دیش میں کچھ سلسلہ ہوا ہے، یہ ہے ہمارا مقدمہ، 2 دن سے جو گفتگو ہورہی ہے، پکڑ لو، جلا دو، جانے نہ دو، آنے نہ دو، راستے بند کردو، ای سی ایل میں ڈال دو، یہ کس حوالے سے گفتگو ہوری ہے۔ ‘

انہوں نے سوال اٹھایا کہ بنگلہ دیش میں اگر عوام تلملا رہے ہیں تو پاکستان کے مسائل کے حل کا طریقہ بھی یہی ہے، کیا کسی نے کبھی یہ سنا؟ کسی نے یہ نہیں بتایا کہ پاکستان ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے، اس کو سنوارنے کے لیے ہمیں یہ دو، چار منصوبے آگے بڑھانے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف حسینہ واجد کو فون کرکے جانے کا راستہ اور طریقہ پوچھ لیں، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر

وفاقی وزیر نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ پاکستان کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، خاکم بدہن اسے تباہ کرنا چاہتے ہیں، خاکم بدہن اسے برباد کرنا چاہتے ہیں، خاکم بدہن اسے اسے توڑنا چاہتے ہیں، آپ کیا کرنا چاہ رہے ہیں، عوام کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، ذرا کھل کے سامنے آئیں، کہ وہ کیا بربادی کا سامان ہے جو آپ لانا چاہتے ہیں، جو بار بار آپ بنگلہ دیش کی باتیں کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  بیرسٹر گوہر خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے تھا کہ بہتر یہی ہے کہ شہباز شریف حسینہ واجد کو فون کرکے جانے کا رستہ اور طریقہ پوچھ لیں، کیوںکہ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والوں کا یہی حق ہوتا ہے، یہ جدہ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ایک ہونے کی بات کیوں نہیں کرتا؟ یہ ایک پاکستان ہے، یہ امیر غریب کا، مرد و عورت کا نہیں بلکہ ایک پاکستان ہے، یہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ سب کا پاکستان ہے، یہ خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سب ہے مگر یہ ہے ایک ہی پاکستان، کیا کسی نے سنی ایک پاکستان کی آواز؟

یہ بھی پڑھیں: ملکی مسائل کا حل مذاکرات میں پوشیدہ، پی ٹی آئی والے کھل کر بتائیں کس سے بات کرنا چاہتے ہیں، مصدق ملک

ان کا کہنا تھا کہ سب نے پکڑنے دھکڑنے، مروڑنے، جلانے کی بات سنی مگر کسی نے ایک پاکستان کی بات نہیں سنی، نہ کسی نے یہ بتایا کہ یہ ایک پاکستان ہےاور اس کا ویژن ایک ہی ہے اور وہ یہ ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ آپ کے بچے ہیں، انہیں سڑکوں پر لاکر جلوا دیں، مروادیں تو یہ سوچیں کہ ان کا مستقبل کیا ہوگا؟

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ترقی، نوکریاں آنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں سننے میں آئی بلکہ یہ سننے میں آیا کہ بنگلہ دیش میں حسینہ واجد اس وجہ سے پاکستان جلاد و، جب تک یہ ہمیں ڈراتے رہیں گے میں سامنے آتا رہوں گا اور سب کو بتاؤں گا کہ پاکستان ایک ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ جو تاریکی کا ذکر کیا جاتا ہے تو ہمارے ملک کی شرح ترقی بڑھ گئی ہے، ہمارے کسان کی ترقی کی شرح بڑھ گئی ہے، مہنگائی کی شرح کھانے پینے کی 2 فیصد پر آگئے ہے، مجموعی شرح 11 فیصد آگئی ہے تو یہ کیوں بربادی کے علاوہ کوئی بات نہیں کر پاتے؟ ہماری یوتھ، خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہمارا ویژن ہے، اس کی بات کریں، عوام ہمیں ووٹ انتشار پھیلانے کے لیے نہیں دیتے، وہ چاہتے ہیں کہ آپ معاملات کو حل کریں گے تو کیا آپ نے وہ کیا؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp