‎مظفر آباد: کارڈیک اسپتال میں دوران علاج مریض کی ہلاکت پر لواحقین کا احتجاجی دھرنا جاری

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مظفرآباد کے کارڈیک اسپتال میں دوران علاج مریض کے ہلاک ہونے پر لواحقین سراپا احتجاج ہوگئے، اور اسپتال کے باہر احتجاجی دھرنا دے کر بینک روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

مظفرآباد کے کارڈیک اسپتال میں 30 جولائی کو ساجد نامی شخص کی دوران علاج موت ہوگئی، ‎لواحقین کا کہنا ہے کہ اسپتال عملے کی عدم توجہی کے باعث ساجد شاہ ‎کی موت ہوئی۔

پولیس کے مطابق لواحقین نے واقعہ پر جوڈیشل  کمیشن بنانے اور بوگس ایف آئی آر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مشتعل لواحقین نے 30 جولائی کو مریض کی موت کے بعد اسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔

پولیس نے بتایا اسپتال میں توڑ پھوڑ کرنے پر 25 ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ‎مظفرآباد کارڈیک اسپتال میں مریض کے انتقال پر لواحقین کی ہنگامہ آرائی

30 جولائی کو مظفرآباد کارڈیک اسپتال میں زیر علاج مریض کی وفات پر لواحقین نے اسپتال پر دھاوا بول دیا تھا۔ توڑ پھوڑ کے باعث ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف محبوس ہوکر رہ گئے تھے۔

‎ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کرکے حالات پر قابو پا لیا تھا اور پیرا میڈیکس اور محبوس عملے کو تحفظ دے کر دوبارہ  ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں علاج معالجہ شروع کردیا گیا تھا۔ تاہم، اسپتال میں شدید توڑ پھوڑ کے باعث او پی ڈی بند کر دی گئی تھی۔

‎واضح رہے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نعمان نے بتایا کہ مرنے والا مریض وینٹی لیٹر پرتھا جو بدقسمتی سے جانبر نہ ہوسکا۔ مریض ماہر ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹس کے زیر علاج تھا، مریض کے لواحقین نے اسپتال میں ہنگامہ آرائی کرکے دیگر مریضوں کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا تھا لہذا پولیس کو بلانا پڑا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp