بجلی بلوں کو کم کرنے کا باقاعدہ میکنزم طے ، معاہدے پر عملدرآمد کروائیں گے، حافظ نعیم الرحمان

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت کے ساتھ معاہدے میں بجلی بلوں کو کم کرنے کا باقاعدہ میکنزم طے کرلیا ہے، معاہدے پر عملدرآمد کروائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا دھرنا 14 دن جاری رہا، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کے 5 دور کیے، اب ایک تحریری معاہدہ کیا گیا ہے، معاہدے میں ہم نے اپنی تمام شقوں کو شامل کیا ہے اور ایک مقررہ وقت کے ساتھ اس معاہدے کو منسلک کیا ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو ریلیف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل بھی نیپرا نے بجلی بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ لگائے ہیں، یہ اگرچہ پچھلے مہینے کے مقابلے میں 77 پیسے کم لگے ہیں، لیکن بہرحال یہ نہیں لگنے چاہئیں، اب ہم نے حکومت سے یہ بات طے کرلی ہے کہ اسے عوام کو ریلیف دینا پڑے گا، آئی پی پی کے حوالے سے جماعت اسلامی نے خاص طور پر حکومت پر دباؤ ڈالا، چونکہ آئی پی پیز بے لگام گھوڑا ہے، حکومت کے بڑے وزرا کہہ رہے تھے کہ ہم اس طرح کے معاہدوں میں گرے ہوئے کہ ہم آئی پی پیز کا کچھ کرہی نہیں سکتے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا مسلسل مطالبہ تھا کہ حکومت حکومت ہوتی ہے، جسے اپنی رٹ قائم کرنی چاہیے، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرنا چاہیے، مکمل جانچ پڑتال کرنی چاہیے، اس کے لیے ہفتہ بھر مذاکرات چلتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ نے جماعت اسلامی کے کارکنوں سے کیا گیا وعدہ وفا کردیا

’اب ہم نے بجلی کی قیمتوں کو اس بات سے باندھ دیا ہے کہ جب آئی پی پیز کی فرانزک رپورٹ ایک مہینے میں آئے گی اور اس کے نتیجے میں جتنی بھی کیپیسٹی پیمنٹس کم ہوں گی، اس کا اثر براہ راست بجلی بلوں پر پڑے گا، ہم نے بلوں کو کم کرنے کا باقاعدہ میکنزم حکومت کے ساتھ معاہدے میں طے کرلیا ہے۔‘

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو ایک ایک چیز بتائی کہ عوام کو ریلیف کیسے دیا جاسکتا ہے، کمیٹی نے ہماری تجاویز سے اتفاق کیا ہے، تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکس کے حوالے سے حکومت ہمارا مطالبہ ماننے کو تیار نہیں تھی، ہم نے معاہدے میں طے کیا ہے کہ آئندہ 45 دنوں میں تنخواہ دارے طبقے پر ٹیکس ہر صورت میں واپس لیا جائے گا۔

’مبارکباد، ارشد ندیم نے ایک تاریخی معرکہ سرانجام دیا ہے‘

پریس کانفرنس کے آغاز پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ پوری قوم کی جانب سے ارشد ندیم کو ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ارشد ندیم نے ایک تاریخی معرکہ سرانجام دیا ہے اور ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‏ارشد ندیم کے گولڈ کے ساتھ ہی پاکستان پیرس اولمپکس میں انڈیا سے 11 درجے اوپر آگیا

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے نا صرف پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا ہے بلکہ مایوسیوں کے اس دور میں امید کا ذبردست پیغام بن کر سامنے آیا ہے، پاکستان کی اولمپکس میں کوئی کارکردگی ہوتی تھی تو وہ صرف ہاکی میں ہوتی تھی۔

’پاکستان ہاکی ٹیم نے اولمپکس میں 1984 میں آخری بار گولڈ میڈل جیتا تھا، اب 40 سال بعد ارشد شریف نے انفرادی طور پر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا ہے جس سے تمام پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp