ہر سال 1000 گریجوایٹس کو زرعی تربیت کے لیے چین بھیجیں گے، وزیر اعظم

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے دورہ چین کے دوران جدید زرعی مرکز کا دورہ کیا، افزائش حیوانات کے شعبے میں بھی چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت پاکستان کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس ضمن میں ہر سال 1 ہزار گریجوایٹس کو زرعی تربیت کے لیے چین بھیجا جائے گا۔

کراچی میں دوسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنے ہیرو ارشد ندیم کو جیولن تھرو میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، 40سال بعد پاکستان نے اولمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اگر ہم محنت کو اپنا شعار بنائیں تو ہرمشکل آسان ہوسکتی ہے۔

’ارشد ندیم کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے طلائی تمغہ حاصل کرکے پاکستان کا سرفخرسے بلند کیا ہے، ہمیں اب کرکٹ اور ہاکی سمیت دیگرکھیلوں میں بھی کامیابیاں حاصل کرنی ہیں، ارشد ندیم کی کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عوام کو مہنگائی اور مہنگی بجلی سے فوری ریلیف نہیں دے سکتے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے زراعت کے شعبے میں فروغ کو یقینی بنانے کے لیے ہر سال ایک ہزار گریجوایٹس کو زرعی تربیت کے لیے چین بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زرعی برآمدات کے اضافے پر کاشتکاروں، برآمد کنندگان اور متعلقہ حکام کومبارکباد پیش کرتا ہوں، وفاق اور صوبوں کو مل کر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے۔

’زرعی ماہرین کی خدمات سے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں زرعی مصنوعات کی ویلیوایڈیشن پر خصوصی توجہ دینی ہے، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق وترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، دیہی علاقوں میں کسانوں کو قرضوں کی فراہمی سے پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

’ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کررہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کی برآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں، بلوچستان میں بجلی پرچلنے والے 80ہزار ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پر منتقل کرنیکی منظوری بھی دی گئی ہے۔ پاکستان کے سعودی عرب، یواے ای سمیت دیگرخلیجی ملکوں کیساتھ منفرد تعلقات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی سستی کرنا کسی ایک جماعت کا نہیں، پوری قوم کا مطالبہ ہے، ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، شہباز شریف

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی زرعی مصنوعات کی برآمدت 3ارب ڈالرتک پہنچ گئی ہیں، آئندہ سال کے لیے زرعی برآمدات کا ہدف 7ارب ڈالرہونا چاہیے، 7ارب ڈالر کا ہدف مشکل ضرورہے لیکن ناممکن نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp