پاکستان نے ایران کو شاہین lll میزائل دینے سے متعلق رپورٹ رد کردی

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کے فلسطین اور پڑوسیوں کے خلاف جارحانہ عزائم کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ پاکستان کی جانب سے ایران کو شاہین lll میزائل دینے کی رپورٹ بالکل غلط ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ اس طرح کی غلط خبریں نہ پھیلائے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی اور اسرائیل کے جنگی جنون اور مظالم کی مذمت اور فلسطین اور ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم نے جنگی جرائم کے لیے اسرائیل کو جواب دہ بنانے کے لیے، طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم نے اسرائیلی بربریت اور جارحانہ منصوبوں اور ڈیزائنز کی مذمت کی۔ نائب وزیر اعظم نے اقوام متحدہ، عالمی رہنماؤں اور او آئی سی کو خطوط بھیجے اور غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے اور یو این او کو رسائی دینے کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں:92.97 میٹر کا ریکارڈ بنایا، اس سے بھی بہتر تھرو کرسکتا ہوں، ارشد ندیم

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ارشد ندیم کی جیت پر بہت خوش ہیں، ان خوشیوں میں دفتر خارجہ بھی شامل ہے۔ وزیر اعظم نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے یوم استحصالِ کشمیر منایا گیا۔ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے پر وزیراعظم نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ امریکا میں گرفتار آصف مرچنٹ کے معاملے ہم نے پہلے بیان جاری کیا ہے۔ امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، ان کی طرف سے جواب کے منتظر ہیں، امریکی حکام نے بھی اسے زیر تفتیش معاملہ قراردیا ہے۔معاملے کی تفصیلات کا انتظار کررہے ہیں، بغیر دستاویزات کے کسی بھی شخص کی شہریت کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔ گزشتہ ہفتے بتایا تھا امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ وہاں گرفتار پاکستانیوں کے سلسلے میں امریکی حکام سے رابطے میں ہے۔ جب معلومات ملیں گی تب اپنا ردعمل دیں گے۔

مزید پڑھیں:کرکٹ چھوڑ کر جیولین تھرو تک کیسے آئے؟ ارشد ندیم نے اپنے سفر کی کہانی سنادی

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بنگلہ دیش کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ عبوری حکومت کی حلف برداری میں پاکستانی ہائی کمشنر کو بلایا گیا تھا۔ پاکستان نے عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کو مبارکباد دی ہے۔ بنگلہ دیش میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی بیانات مسترد کرتے ہیں۔ بھارت اپنے اندرونی مسائل پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان پر الزامات عائد کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے اعلامیے میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کے لیے اسرائیل کو ذمے دار ٹھہرایا گیا۔ مشرق وسطیٰ میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ کو فون کیا اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ پاکستان اور اسرائیل کے درمیان کوئی تجارتی تعلقات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم برطانیہ میں ہونے والی پیش رفت کو دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے برطانوی وزیراعظم کا بیان بھی دیکھا ہے۔ نسل پرستانہ نعروں کی مذمت اور امید کرتے ہیں کہ ایسے لوگوں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے ویزوں کے لیے کوئی پابندی نہیں۔ بین الاقوامی برادری کے لیے ضروری ہے کہ افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ افغانستان استحکام اور ترقی کی طرف بڑھ سکے۔

مزید پڑھیں:‏ارشد ندیم کے گولڈ کے ساتھ ہی پاکستان پیرس اولمپکس میں انڈیا سے 11 درجے اوپر آگیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کئی بار بھارت میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ لبنان کا سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے، علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایسی مزید ایڈوائزریز جاری کرتے رہیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں اس وقت بھی 100 کے قریب پاکستانی طلبا موجود ہیں، پاکستانی ہائی کمیشن ان کے ساتھ رابطے میں ہے۔ وہاں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان امریکا سے اچھے تعلقات رکھتا ہے، امید رکھتے ہیں کہ امریکی کانگریس پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے کردار ادا کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp