پاکستان میں سب سے زیادہ بنگالی کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں بنگالی پاڑہ نامی علاقے میں آباد ہیں۔ سینکڑوں گھروں پر مشتمل یہ آبادی ماہی گیری کے پیشے سے وابستہ ہے۔ یہ علاقہ ساحل سمندر پر واقعہ ہے۔ یہاں داخل ہوتے ہی مچھلیوں کی مہک اور سمندر میں موجود لانچیں ایک الگ ہی احساس دلاتی ہیں۔ یہاں سستی مچھلی کی فراوانی ہے۔
بنگلہ دیش میں حالیہ انقلاب کے بعد پاکستانی بنگالی کیا سوچتے ہیں، یہ جاننے کے لیے بنگالی پاڑہ سے بہتر مقام شاید ہی کوئی ہو، کیوں کہ یہاں ہر عمر کے لوگ بہ آسانی مل جاتے ہیں اور سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ ہر شخص بنگلہ دیش کی صورت حال سے واقف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں انقلابی تبدیلی : بین الاقوامی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈا کا پول کھول دیا
بزرگ شہری رشید احمد جو اہل و عیال کے ہمراہ پاکستان میں آباد ہیں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے سابق حکمران بھارت نواز تھے، وہ بھارتیوں کو نوکریاں دے رہے تھے، 71 میں مرنے والوں کو تو نوکریاں دی جا رہی ہیں لیکن جو ڈگریاں حاصل کر رہے ہیں انہیں نہیں دی جا رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 لاکھ سے زائد بھارتی وہاں بڑے بڑے عہدوں پر موجود ہیں۔ اگر پاکستان میں ایسا ہو تو کیا ہم لوگ نہیں نکلیں گے؟ اس لیے یہ انقلاب تو آنا ہی تھا۔
نور حسین کہتے ہیں کہ بنگلہ دیش میں جو ہوا اچھا ہوا۔ اور جو جان کی بازی ہارے اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں بھی اگر ایسا ہو جائے تو اچھا ہوگا کیوں کہ یہاں بھی تبدیلی اور انقلاب کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے بنگلہ دیش کی نگراں حکومت کا چارج سنبھال لیا
محمد عمر کے مطابق بنگالی عوام نے بالکل درست عمل کیا اور ایسا ہی ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ظاہر سی بات ہے اگر عوام کے ساتھ غلط ہوگا تو عوام بھی ردعمل میں غلط ہی کریں گے۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں موجود اپنے رشتہ داروں سے متعلق بتایا کہ وہ بھی اس انقلاب کو اسی نظر سے دیکھ رہے جس نظر سے میں دیکھ رہا ہوں۔
70 سالہ محمد شفیق کہتے ہیں کہ ہمارے رشتہ دار تو تھے بنگلہ دیش میں لیکن اب رابطہ ختم ہوگیا ہے۔ بنگلہ دیش میں انقلاب پر ان کا کہنا تھا کہ وہ انقلابیوں کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش ہمارا مسلمان برادر ملک ہے اور ہمیشہ اسے اچھی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس وقت ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔