پیرس اولمپکس کے ہیرو ارشد ندیم کو سوشل پلیٹ فارم ایکس نے بڑے اعزاز سے نواز دیا

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس میں مردوں کے جیولین تھرو میں اولمپکس ریکارڈ توڑ نے والے پاکستان کے ارشد ندیم کو سوشل میڈیا کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ’ایکس ڈاٹ کام‘ نے نایاب گولڈ بیج سے نواز دیا ہے۔

ایکس پورٹل پر افراد کے انفرادی اکاؤنٹس کو ’نیلے چیک مارک‘کے طور پر لیبل کیا جاتا ہے جب کہ تنظیم کے اکاؤنٹس کو گولڈ چیک مارک کے طور پر لیبل کیا جاتا ہے اور یہ گولڈ چیک مارک اکاؤنٹ بہت ہی کم لوگوں کو انفرادی طور پر عطا کیا جاتا ہے۔

’ایکس ڈاٹ کام ‘ پر گولڈ چیک مارک، جسے یلو ٹک بھی کہا جاتا ہے، ایک ایسا تصدیقی بیج ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ تصدیق شدہ تنظیموں کے ذریعہ ایک سرکاری تنظیم کا اکاؤنٹ ہے۔ بیج ایک چیک مارک کے ساتھ ایک 8 لوب سونے کے رنگ کا آئیکن ہے۔

جنوری 2024 تک ٹویٹر، جسے اب ایکس کے نام سے جانا جاتا ہے، کاروباری اداروں اور حکومتوں کے لیے اپنے تصدیق شدہ تنظیمی پروگرام کے حصے کے طور پر گولڈ بیج مارک پیش کرتا رہا ہے۔

’ایکس ڈاٹ کام ‘ کے اس پروگرام کے دو حصے ہیں ایک بنیادی اور مکمل رسائی، جس کی لاگت 200 امریکی ڈالر یعنی 55 ہزار 729 پاکستانی روپے ماہانہ یا 2،000 امریکی ڈالر یعنی 5 لاکھ 57 ہزار 299 پاکستانی روپے سالانہ ہے ، جبکہ مکمل رسائی کے منصوبے کی لاگت  1،000 امریکی ڈالر ماہانہ (پاکستانی 2 لاکھ 78ہزار649 روپے) اور 10،000 امریکی ڈالر (پاکستانی27 لاکھ 86 ہزار 498 روپے )سالانہ ہے۔ دونوں منصوبوں میں اشتہاری کریڈٹ اور پریمیم سبسکرپشن شامل ہے۔ بنیادی منصوبہ چھوٹے کاروباری حضرات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ارشد ندیم کو ایکس ڈاٹ کام کا گولڈ بیج پیرس اولمپکس کی جانب سے دلایا گیا ہے، ارشد ندیم کے ایکس پیج کو باقاعدہ طور پر پیرس اولمپکس کی جانب سے تصدیق کروایا گیا ہے۔ ان کا ایکس اکاؤنٹ اب پیرس اولمپکس کے ساتھ بھی وابسطہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم کا مقابلہ اپنے بھارتی حریف، دفاعی چیمپیئن اور جیولین تھرو کے ہاٹ فیورٹ نیرج چوپڑا ساتھ تھا۔ تاہم جمعرات کی رات سٹیڈ ڈی فرانس میں ارشد ندیم نے قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس پر کئی دہائیوں کا ناکامی لگا داغ بھی دھو ڈالا۔

ارشد ندیم اور پاکستانی قوم کے لیے جمعرات کا دن واقعی ایک منفرد دن تھا جس میں مردوں کے جیولین فائنل میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ارشد ندیم نے اولمپکس 2024 میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا اور اس طرح وہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے پہلے ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ بن گئے۔

ارشد ندیم کی جیت اب صرف ایک جیت تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ جیت اب ہو سکتا ہے اولمپکس کی تاریخ میں ایک ریکارڈ کے طور پر ایک طویل عرصے تک یاد گار بنی رہے۔

ارشد ندیم نے اپنے دیرینہ حریف اور دوست نیرج چوپڑا کو شکست دی اور ساتھ ہی 16 سالہ اولمپک ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے قبل بیجنگ اولمپکس 2008 میں ناروے کے آندریاس تھورکلڈسن کے پاس 90.57 میٹر کا ریکارڈ تھا لیکن ارشد ندیم نے جونہی اپنا دوسرا تھرو پھینکا تو ہجوم ریکارڈ بورڈ پر 92.97 میٹر کا فاصلہ دیکھ کر ششدر رہ گیا۔

ارشد ندیم جشن منانے کے لیے اپنے ہاتھ اوپر اٹھائے ہوئے تھے اور اسکور بورڈ پر بھی نظریں جمائے ہوئے تھے اور اس بات کی تصدیق بھی کر رہے تھے کہ یہ اس سال دُنیا کا سب سے طویل تھرو ہو گا۔ اس یادگار کامیابی نے نہ صرف انہیں سونے کا تمغہ دلایا بلکہ انہیں اولمپک تاریخ میں ایلیٹ جیولین تھرورز میں بھی شامل کر دیا گیا۔

گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم 1992 کے بعد پاکستان کے پہلے اولمپک میڈلسٹ بن گئے، 1992 میں آخری بار پاکستان نے بارسلونا اولمپکس میں مردوں کی ہاکی میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے اولمپک کھیلوں میں مردوں کے جیولین میں 90 میٹر کا سنگ میل عبور کیا جس کے بعد وہ چوتھے ایتھلیٹ بن گئے۔ یہ فتح پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جو عالمی سطح پر اس کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp