متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے علاوہ اس ملک کے پاس اور کوئی آپشن نہیں، کراچی نے پیغام دے دیا ہے کہ شہر کو چلانا ہو تو ایم کیو ایم کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن موجود نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آج واضح ہوگیا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہی اصل ایم کیو ایم ہے،خالدمقبول صدیقی
ہفتہ کے روز کراچی میں قومی شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ نے کہا کہ جماعت اسلامی بجلی کی قیمتیں کم کروانے کے لیے اسلام آباد گئی لیکن قیمتوں کم کرانے کے بجائے مہنگی کروا کر واپس لوٹ آئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جن لوگوں نے بنایا ان کی اولادیں ہی پاکستان کو بچا سکتی ہیں، اگر کراچی میں خوشحالی نہیں ہو گی تو پھر ملک بھر میں کہیں بھی خوشخالی نہیں آ سکے گی، اس ملک کے بجٹ کا 65 فیصد کراچی دیتا ہے جس پر حکمران پلتے ہیں لیکن کراچی کو محروم رکھا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں نئی صف بندی، ایم کیو ایم کے تین دھڑے پھر ایک ہوگئے
گورنر سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق فیصلے پر ایم کیو ایم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، ایسا ہماری مشاورت کے بغیر کبھی بھی نہیں ہوگا۔
شجر کاری سے متعلق خالد مقبول نے کہا کہ کراچی کی دیواریں کئی بار رنگین کی گئیں لیکن کراچی کو سرسبز بنانے کی کوشش کبھی بھی نہیں کی گئی، ہم شجرکاری مہم کے ذریعے حقیقی معنوں میں سرسبز و شاداب بنائیں گے۔