لکی مروت میں قومی جرگہ کے عمائدین نے شرپسند عناصر کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اقدامات پر نظرثانی کریں اور مذاکرات کے عمل میں شامل ہوں، ورنہ سخت اقدامات کیے جائیں گے، مروت قوم کی نرمی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مذاکرات میں شامل ہوں نہیں تو علاقہ چھوڑ دیں۔
لکی مروت میں قومی جرگہ کا انعقاد کیا گیا، مروت قومی جرگے میں کمشنر، ڈی سی، آر پی او، پاک فوج کے نمائندوں اور مروت قوم کے مشران نے شرکت کی، جرگہ میں 2دن کی تفصیلی بات چیت کے بعد فیصلے کیے گئے۔ مروت قومی جرگے نے مسائل کے پرامن حل اور امن کو برقرار رکھنے کی کوششوں پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: قبائلی امن جرگے کی آپریشن عزم استحکام کی مخالفت، عمران خان کی رہائی کا بھی مطالبہ
قبائلی عمائدین نے فیصلے میں کہا کہ مروت قوم پاکستانی فوج اور پولیس کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار کرتی ہے اور امن قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ مخالفین اس ساری صورتحال کو پرامن طریقے سے حل کریں، اگر وہ اس میں ناکام رہے تو مروت قوم اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔
قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ مروت قوم کی نرمی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر ضرورت پڑی تو سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انتشار پھیلانے والوں کو ہتھیار ڈالنے اور مذاکرات کرنے کی دعوت دیتے ہیں، بصورت دیگر علاقہ چھوڑنے کا کہا جائے گا۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ پشتون ولی اور روایات کی پاسداری پر زور دیتے ہیں اور بات چیت کے لیے ہر جگہ جانے کو تیار ہیں۔ امن کو خراب کرنے والوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اقدامات پر نظرثانی کریں اور پرامن مذاکرات میں شامل ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی کیخلاف پاک افغان مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، گرینڈ جرگہ
قومی جرگہ میں عمائدین نے شرپسندوں کو ہتھیار ڈالنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر شرپسند تعاون نہیں کریں گے تو انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مروت قوم کسی بھی صورت امن کو خراب ہونے نہیں دے گی اور ہر ممکن کوشش کرے گی کہ علاقے میں امن قائم رہے۔