کیا کمار سانو نے عمران خان کی رہائی کے لیے گانا گایا؟

پیر 12 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں بالی ووڈ کے مشہور گلوکار کمار سانو کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے ایک کنسرٹ میں گانا گاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

اس ویڈیو میں کمار سانو کو بالی ووڈ کی 1993ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’پھول اور انگار‘ میں اپنے گائے ہوئے گانے ’چوری چوری دل تیرا چرائیں گے، اپنا تجھے ہم بنائیں گے‘ کی پیروڈی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: ’پولیس نے برہنہ کر کے تشدد کیا، پی ٹی آئی کی خاتون ورکر‘ کی ویڈیو کی حقیقت کیا؟

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کسی پرانے کنسرٹ کی لگتی ہے جس میں کمار سانو کو یہ گانا گاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، ’عمران خان کو آزاد کرائیں گے، وزیراعظم بنائیں گے‘۔

مذکورہ ویڈیو میں ہوبہو کمار سانو کی آواز استعمال کی گئی ہے مگر بالی ووڈ سنگر کو اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے دور سے دکھایا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گانا کمار سانو نے نہیں گایا۔ اس بات کی تصدیق اب کمار سانو خود بھی کرچکے ہیں۔ اس حوالے سے کمار سانو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وضاحتی پوسٹ جاری کی ہے جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے کبھی کوئی گانا نہیں گایا۔

یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک:کیا عمران خان نے فوج مخالف پوسٹس ڈیلیٹ کروادیں؟

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں آواز ان کی نہیں بلکہ وہ آواز مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے بنائی گئی ہے۔ کمار سانو نے کہا کہ بعض لوگ انہیں بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اسی لیے اپنے مداحوں کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مذکورہ گانے (پیروڈی) سے متعلق خبر جھوٹی ہے۔

کمار سانو نے بھارتی حکومت سے بھی درخواست کی ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کیا جارہا ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ اے آئی اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کمار سانو جیسی مدھر آواز کا مالک کوئٹہ کا رہائشی کون؟

بھارتی میڈیا کے مطابق، پی ٹی آئی نے تصدیق کی ہے کہ فیس بک پر وائرل ویڈیو کی فوٹیج کمار سانو کے رواں برس کے آغاز میں برسبین میں ہونے والے کنسرٹ سے لی گئی تھی جس میں ٹیکنالوجی کی مدد سے آڈیو تبدیل کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp