پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کو حکومت اور مختلف شخصیات کی جانب سے قیمتی تحفے دینے کا اعلان کیا جارہا ہے وہیں ان کے سسر نے بھی ان کو تحفے میں بھینس دینے کا اعلان کیا ہے۔
پیرس اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے اور انفرادی طور پر پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوانے والے ارشد ندیم کے سسر نے اپنے داماد کو تحفے میں بھینس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ارشد نے گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوشی ہوئی ہے وہ جب میرے گھر آئے گا تو اس کا بھرپور استقبال کروں گا، انہیں پھول پہنائیں گے۔
مزید پڑھیں: گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے لیے اب تک کتنے انعامات کے وعدے ہوچکے؟
ارشد کے سسر محمد نواز نے بتایا کہ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی جو حافظ قرآن بھی ہے، اس کی شادی ارشد سے ہوئی تھی اور ان کے 2نواسے اور ایک نواسی ہے۔ 2بچے مقامی اسکول میں جاتے ہیں، بچی پہلی جماعت میں ہے جبکہ بچے نے اب اسکول جانا شروع کیا ہے، تیسرا بیٹا چھوٹا ہے۔
محمد نواز نے بتایا کہ جب ارشد ان کے داماد بنے تو وہ کوئی باقاعدہ کام نہیں کرتے تھے تاہم نیزے بازی کا شوق تھا جس کی گھر پر ہی پریکٹس کیا کرتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کو داماد سے کبھی کوئی شکایت نہیں رہی، ارشد اتنا سادہ مزاج ہے کہ جب بھی کبھی باہر سے آتا تھا جو کچھ کھانے کے لیے دے دیتے تھے وہ کھا لیتا تھا۔