’عوام پاکستان‘ پارٹی کا تحریری منشور جاری، اس میں خاص کیا ہے؟

پیر 12 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں بننے والی پاکستان کی نئی جماعت ’ عوام پاکستان ‘نے اپنا 40 صفحات پر مشتمل انگریزی زبان میں تحریر کردہ منشور جاری کر دیا ہے جس میں ’پاکستان عوام پارٹی‘نے ملکی مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے اپنی جدوجہد کا خاکہ پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نئی سیاسی جماعت ’عوام پاکستان‘ لانچ، وزیراعظم آرمی چیف کے تابع نہیں ہوسکتا، شاہد خاقان عباسی

’پاکستان عوام‘ پارٹی نے اپنے منشور میں ’ہم سب کا پاکستان‘ ، بچوں اور نوجوانوں کا مستقبل، صحت، معاشی خودمختاری، عدل و انصاف کا قیام، امن و امان، زراعت و غذائی تحفظ، پانی کے ذخائر اور پائیدار توانائی، تعلیم، ٹیکنالوجی، خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی، موسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد مسائل پر قابو پانے کے لیے اپنا وژن پیش کیا ہے۔

’پاکستان عوم‘ پارٹی کی جانب سے جاری تحریری منشور میں کہا گیا ہے کہ ’عوام پاکستان ‘ پارٹی کے قیام کا مقصد یہی ہے کہ ’بدلیں گے نظام، خوشحال ہو گا پاکستان‘ اس وژن کے تحت ایک ایسا جمہوری پاکستان جس میں مفاد عامہ کو سب سے مقدم رکھا جائے گا، کے لیے جدوجہد کی جائے گی، ایک ایسا معاشرہ جہاں ہر فرد کے بنیادی حقوق کو مقدم رکھا جائے گا، تمام اہم خدمات کی حکومت کی جانب سے ضمانت دی جائے گی۔

Awaam Pakistan Official Vision Document by Iqbal Anjum on Scribd

وژن کے مطابق ’پاکستان عوام‘  پارٹی ایک ایسی ریاست چاہتی ہے جس میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر ایک کی، خاص طور پر انتہائی کمزور طبقات کی بنیادی ضروریات پوری کی جائیں۔ ایک ایسا معاشرہ جہاں ہر ایک کو مساوی مواقع حاصل ہوں اور جہاں ہر نسل پچھلی نسل سے بہتر ہو۔

موجودہ سیاسی پارٹیاں صرف اقتدار کا حصول چاہتی ہیں

پارٹی وژن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی جماعتیں ایک ہی اصول کے تحت کام کرتی ہیں اور وہ ہے کسی بھی قیمت پر اقتدار کا حصول۔ ان جماعتوں کے لیے باقی سب کچھ، چاہے وہ آئین ہو یا ان کے فیصلوں کے طویل المدتی اثرات ان کے لیے ثانوی حیثیت رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں:’عوام پاکستان پارٹی‘ کی لانچنگ پر تضادات سے بھرپور تقریریں سننے کو ملیں، عطا تارڑ کا ردعمل

 سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس اصول کی پیروی کے نتیجے میں ملک میں ایک ایسا نظام تشکیل پا گیا ہے، جو ایک محدود اشرافیہ کے مفادات کی خدمت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، ’عوام پاکستان‘ پارٹی اس نظام کو بدلے گی اور عوام کے مفاد میں فیصلے کرے گی۔

طاقتور اشرفیہ ہمارے بچوں کا مستقبل لوٹنے پر گامزن ہے

اشرفیہ کے لیے تیار کردہ اس نظام کے باعث پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد آج پاکستان میں نہیں رہنا چاہتی۔ بدقسمتی سےپاکستان کے مسائل بدتر ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ اشرافیہ ملک میں اصلاحات کے خلاف ہے۔ اس طاقتور اشرافیہ نے نہ صرف ہمارے آج کے پاکستانیوں کو لوٹا ہے بلکہ ہمارے بچوں کے کل کو لوٹنے کی راہ پر بھی گامزن ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ہمیں نظام کو تبدیل کرنا ہوگا، اسی کے باعث مندرجہ ذیل رہنما اصولوں کی بنیاد پر ’عوام پاکستان’ پارٹی تشکیل دی گئی ہے۔

پہلا اصول آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی

’عوام پاکستان ‘ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کرتی ہے جہاں تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، قانون کی حکمرانی ہو اور عوام کی خواہشات کا احترام کیا جائے۔

ایمانداری اورشفافیت

’عوام پاکستان ‘کے وژن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کا آغاز اس بات کو قبول کرنے سے ہوتا ہے کہ ہم ایمانداری اور دیانتداری کو اپنائیں گے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں ہمارے بنیادی مسائل سے روگردانی کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے۔ ’عوام پاکستان‘ پارٹی اسے تبدیل کرے گی۔

مستقل’ٹرتھ کمیشن ‘ کا قیام

پاکستان کی حقیقت پر مبنی تاریخ کو دستاویزی شکل دینے کے لیے ایک مستقل ’ٹرتھ کمیشن‘ بنائے گی، جس میں واقعات اور درست حقائق پر مبنی بیانیے کو ہماری شفاف حکمرانی اور سیاسی کردار میں بنیادی حیثیت حاصل ہو گی۔

’عوام پاکستان ‘ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کرتی ہے جو اپنے ماضی کے زخموں سے آگے نکل سکے، اپنی غلطیوں سے سیکھ سکے اور آئین کی مکمل پاسداری قائم کر سکے۔

ذاتی مفادات کو عوامی پالیسیوں پر حاوی نہیں ہونے دیا جائے گا

’عوام پاکستان ‘ کی سیاست اور حکومت کا واحد مقصد عوام کی خدمت کرنا ہوگا۔ تمام حکومتی پالیسیوں اور گورننس کا اندازہ صرف اس بنیاد پر کیا جائے گا جو عوامی مفاد میں سب سے زیادہ فائدہ مند ہوں گی۔ خصوصی یا ذاتی مفادات کو عوامی پالیسیوں پر حاوی نہیں ہونے دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:انٹیلیجنس ایجنسی کو کالز ٹریس کرنے کی اجازت، عوام پاکستان نے مخالفت کردی

’عوام پاکستان‘ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کرتی ہے جہاں سیاسی جماعتیں عوام کو زیادہ سے زیادہ فلاح و بہبود فراہم کرنے کے لیے مقابلہ کریں۔ ایک ایسا پاکستان جہاں عوام کا مفاد کسی بھی سیاسی یا ذاتی مفاد سے بالاتر ہو۔

تعلیم یافتہ اور صحتمند افرادی قوت

’عوام پاکستان ‘ کا چوتھا بڑا اصول یہ ہو گا کہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہمیشہ اس کے انسانی وسائل ہی ہونا چاہییں۔ صحت مند، تعلیم یافتہ ابھرتی ہوئی آبادی ہی پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ ہے۔ ’عوام پاکستان ‘ کی حکومت تمام شہریوں کو معیاری تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔

صحتمند، تعلیم یافتہ اور ترقی پسند لوگوں پر مشتمل پاکستان کا تصور

’عوام پاکستان‘ کا پانچواں بڑا اصول یہ ہو گا کہ مؤثر حکمرانی کا تعین اس پیش رفت سے کیا جائے گا جس میں سب سے کمزور طبقات کا خیال رکھا گیا ہو۔ بلوچستان کے دیہی علاقوں میں 3 چھوٹے بچوں والی بیوہ کے پاس کیا موقع ہے جس کی کوئی وراثت نہیں ہے؟ کیا ریاست اسے کوئی تحفظ فراہم کرتی ہے؟ کیا ان کے بچوں کی قسمت چائلڈ لیبر کے علاوہ اور ہے؟ کیا انہیں معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ وہ حقیقی سماجی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں؟ جب وہ بیمار ہوں گے تو کیا انہیں صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی؟۔

پسماندہ علاقوں کےعوام کو باوقار زندگی فراہم کرنا

’عوام پاکستان ‘ کے وژن میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کرتے ہیں جہاں حکومت اپنے تمام شہریوں، خاص طور پر انتہائی پسماندہ اور عام حالات میں رہنے والوں کو باوقار زندگی گزارنے کے لیے مواقع فراہم کرنے کی ذمہ دار ہو۔

مساوی حقوق، ہر نسل پچھلی نسل سے بہتر ہو

’عوام پاکستان‘ کا چھٹا اصول اپنے تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر ایک کو مساوی مواقع اور انفرادی ترقی اور آزادی کا حق حاصل ہو، جہاں سماجی معاہدہ اس بات کی ضمانت دے گا کہ ہر نسل پچھلی نسل سے بہتر ہوگی۔

’عوام پاکستان‘ پارٹی ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کرتی ہے جس میں سب کے لیے آزادی، مواقع اور بنیادی حقوق کی ضمانت حاصل ہے۔

’عوام پاکستان‘ پارٹی کے وژن میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی کا ساتواں اصول یہ ہے کہ سب سے زیادہ مؤثر حکمرانی وہی ہے جو عوام کے سب سے قریب تر ہو ، جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ عوام کی آواز سنی جائے اور ان کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔

مقامی کمیونیٹیز کو بااختیاربنانا

’عوام پاکستان‘ پارٹی گورننس کو ڈی سینٹرلائز کرے گی، مقامی کمیونیٹیز کو بااختیار بنائے گی تاکہ وہ اپنی ترقی کی ذمہ داری خود سنبھال سکیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ حکومتی پالیسیاں اور اقدامات منصفانہ اور شفاف ہیں۔ پارٹی ایک ایسے پاکستان کا تصور بھی پیش کرتی ہے جس میں مقامی سطح پر گورننس کا ڈھانچہ ہو جو اپنے عوام کی خدمت کرے۔

’عوام پاکستان ‘ پارٹی کے وژن میں کہا گیا ہے کہ ان تمام اصولوں کی روشنی میں عوام پاکستان نظام کو تبدیل کرے گی اور تمام شہریوں کے لیے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔ اسی کے تحت پارٹی ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کرتی ہے جہاں نوجوان ملک کے اندر ہی اپنے مستقبل کے بارے میں پرامید اور پرجوش ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp