وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منائیں گے، ارشد ندیم کی کامیابی سے یوم آزادی کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم اور ان کی فیملی کو وزیر اعظم ہاؤس پروٹوکول کے ساتھ لایا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاور سیکٹر میں کئی مہینوں سے محنت کی گئی ہے، ہمیں صنعت، زراعت اور انڈسٹری کو بحال کرنا ہے، ان کو زندہ رکھنا ہے تو کاسٹ پروڈکشن میں کمی لائے بغیر درآمدات کو بڑھانا ممکن نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: ہر سال 1000 گریجوایٹس کو زرعی تربیت کے لیے چین بھیجیں گے، وزیر اعظم
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھاکہ جب تک ہم دوسرے ممالک کی ان پٹ کاسٹ تک کمی نہیں لائیں گے، تب تک مقابلہ ممکن نہیں ہے۔ ایف بی آر ہمارا دوسرا ہدف ہے، اس کی اصلاحات پر کام کرنا ہے، اس میں موجود غلطیوں کو سدھارنا ہے، جس کے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی ہے۔
وزیر اعظم کا کابینہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کے پاس مکمل اختیارات موجود ہیں، آپ پیپر ورک سے اپنے آفسز کو ڈجیٹلائزیشن کی جانب لے جائیں، اس حوالے سے ہم نے کنسلٹنس کی خدمات حاصل کی ہیں، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وقت ایک نعمت ہے، اور ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے ایف بی آر سے متعلق مزید کہا کہ حال ہی میں ایف بی آر کے افسران کو تبدیل کیا گیا ہے، آج پھر میں بلا خوف کہتا ہوں کہ میں ان میں سے شاید ایک کو جانتا ہوں گا، میری کسی سے ذاتی سلام دعا ایک آدھ کے علاوہ شاید کسی سے ہو، 4 راتیں میں خودبیٹھا اور انہوں نے جا کر سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناع لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایگریکلچر ڈیمانسٹریشن زونز کا قیام سی پیک کے اگلے مرحلے کا اہم منصوبہ ہے، وزیر اعظم
واضح رہے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وفاقی کابینہ کل 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اور ارشد ندیم کو ملک کا نام روشن کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
یہ بھی واضح رہے وزیراعظم نے ارشد ندیم اور ان کے خاندان کو آج رات پی ایم ہاؤس میں عشائیے کے لیے دعوت دے دی، ارشد ندیم اپنی فیملی کے ہمراہ آج رات کا کھانا وزیراعظم کے ساتھ کھائیں گے اور ارشد ندیم کے اعزاز میں پی ایم ہاؤس میں ایک پر وقار تقریب بھی ہوگی۔