اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی دہشت گردی کے مقدمہ میں بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیدیا ہے۔
پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی دہشتگردی کے مقدمہ میں ضمانت کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کی 2 رکنی ڈویژن بنچ نے سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا احمد جنجوعہ کو 12 بجے تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم
احمد وقاص جنجوعہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کورآرڈینیٹر احمد وقاص کو گھر سے اٹھایا گیا اور کلاشنکوف برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا، 2 روز حبس بے جا میں رکھنے کے بعد ایف آئی آر کا بعد میں علم ہوا۔
وکیل کے مطابق عدالت سے رجوع کرنے پر احمد وقاص جنجوعہ کیخلاف مقدمہ کا علم ہوا اور ان سی ٹی ڈی کے زیر حراست ہونے کا علم ہوا، انہیں پارٹی ترجمان رؤف حسن اور دیگر کے مطابق ہمراہ گرفتار ظاہر کیا گیا ہے، رؤف حسن ضمانت پر رہاہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: احمد جنجوعہ 7 روزہ ریمانڈ پر انسداد دہشت گردی پولیس کے حوالے
عدالتی استفسار پر سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ ملزم سے300 گرام بارود سمیت کلاشنکوف برآمد کرنا لہذا عدالت سے ضمانت کی استدعا مسترد کرنے کی درخواست کی جاتی ہے، تاہم عدالت نے احمد وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیدیا۔