تائیکوانڈو کی بین الاقومی چمپیئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ عامر خان رنجیدہ کیوں؟

جمعرات 15 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوات سے تعلق رکھنے والے تائیکوانڈو کھلاڑی عامر خان نے بنکاک میں منقعدہ 7 ویں بین الاقومی چمپیئن شپ میں انڈیا سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کا شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔

عامر خان گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنے پر انتہائی خوش ہیں لیکن ان کی کامیابی کو حکومتی سطح پر پذیرائی نہ ملنے پر ناراض بھی ہیں۔

ساری جمع پونجی اور آخر میں موبائل گروی رکھ کر بنکاک کا ٹکٹ لیا

22 سالہ عامر خان سوات کے شہر مینگورہ سے تعلق رکھتے ہیں اور رواں ماہ بنکاک میں منقعدہ بین اقوامی مقابلوں کے لیے خود گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان کی 2 بیٹیاں جنھوں نے انٹرنیشنل تائیکوانڈو مقابلہ جیتا

سوات سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وی نیوز کو بتایا کہ بڑی مشکل سے پائی پائی جمع کرکے ٹکٹ کے پیسے پورے کیے تھے لیکن روانگی کے روز لاہور ائیرپورٹ پر انہیں روک لیا گیا جس کی وجہ سے انہیں ٹکٹ کے لیے اضافی پیسوں کی ضرورت پڑی۔

عامر خان نے کہا کہ ’میرے پاس اور پیسے نہیں تھے اس وجہ سے اپنا موبائل فون ایک دوست کو کال کرکے گروی رکھا جس نے 2 لاکھ روپے لاکر دیے جو ادا کرکے میں نے جیسے تیسے ٹکٹ لے لیا‘۔

پہلے راؤنڈ میں ہی انڈیا کو شکست دی

عامر خان نے بتایا کہ چیمپیئن شپ میں 30 سے زائد ممالک کے کھلاڑی حصہ لے رہے تھے اور ان کا پہلے رؤانڈ میں مقابلہ انڈیا کے ساتھ تھا ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے راؤنڈ میں انہوں نے انڈین کھلاڑی کو مات دے دی۔

مزید پڑھیے: ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ: ارشد ندیم نے تاریخ رقم کر دی

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر مقابلوں کے 3 راؤنڈ ہوئے جن میں انہوں نے پہلے راؤنڈ میں انڈیا، دوسرے میں نیپال اور آخری راؤنڈ میں فلپائن کے کھلاڑی کو شکست کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔

عامر خان ناراض کیوں ہیں؟

تائیکوانڈو میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے عامر خان ناراض ہیں۔ ان کے مطابق ان کی کامیابی پر انہیں کسی سطح پر بھی پذایرئی نہیں ملی بلکہ کسی بھی حکومتی یا اسپورٹس کے متعلقہ حکام نے مبارکباد تک دینا گوارہ نہیں کیا۔

عامر خان نے بتایا کہ مقابلوں کے بعد 12 اگست کو وہ لاہور پہنچے اور وہاں سے ٹیکسی میں اسلام آباد آئے اور پھر اپنے آبائی شہر سوات روانہ ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ایئر پورٹ پر بھی کسی نے نہیں پوچھا کہ گلے میں پہنا گولڈ میڈل کب جیتا۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں ہو رہی۔

مزید پڑھیں: 6 سال کی عمر میں بھارت کو شکست دینے والا پاکستانی بچہ

عامر خان نے بتایا کہ سوات موٹروے پر ان کا سوات کے عوام اور دوستوں نے استقبال کیا اور پھر قافلے کی شکل میں آبائی شہر لے آئے۔

گولڈ میڈلسٹ کھلاڑی نے کہا کہ میں کسی سے کچھ نہیں مانگتا لیکن حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ بین اقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا اور وہاں پاکستان کا پرچم سربلند کیا لیکن واپس آکر حکمرانوں کے رویے سے دل ٹوٹ گیا۔

یاد رہے کہ عالمی تائیکوانڈو چیمپیئن شپ 2024 بنکاک میں 10 تا 12 اگست منعقد ہوئی تھی جس میں 30 ممالک کے ایتھلیٹس نے حصہ لیا تھا۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 13 اگست کو بیان کی حد تک تو عامر خان کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی تھی تاہم پذیرائی اور ہمت افزائی کے حوالے سے جو شکوے ان کے حکومت کے ساتھ ہیں وہ قابل غور ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp