کیا بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان کا فیصلہ کر لیا؟ جے شاہ نے خاموشی توڑ دی

جمعرات 15 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کا دورہ کرنے کے امکان کے بارے میں پہلی بار بات کی ہے۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 فروری سے مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے تاہم اس ٹورنامنٹ میں بھارت کی شرکت غیر یقینی ہے کیونکہ بی سی سی آئی کو پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے اپنی حکومت سے باقاعدہ منظوری لینا ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کتنے بجٹ کی منظوری دی؟

ایک بھارتی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ سے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے پاکستان کا دورہ کرنے کے امکان کے بارے میں سوال کیا گیا۔

سوال کے جواب میں جے شاہ نے کہا کہ بی سی سی آئی نے ابھی تک اپنی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم بی سی سی آئی صورتحال کا جائزہ لے گا اور مناسب وقت پر فیصلہ کرے گا۔

انہوں نے پھر زور دے کر کہا کہ حکومت کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم جب یہ معاملہ قریب آیا تو ہم اس کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں بی سی سی آئی کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ بھارتی ٹیم آئندہ آئی سی سی ایونٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔

مزید پڑھیں:آئی سی سی اجلاس: بھارت کی مخالفت کے باوجود پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی کا بجٹ منظور

مزید رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بورڈ نے باضابطہ طور پر دبئی اور سری لنکا کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچوں کی میزبانی کے لیے ہائبرڈ وینیو کے طور پر تجویز کیا ہے۔

اس سے قبل بھارت نے ایشیا کپ 2023 میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔ نتیجتاً بھارت کے تقریباً پاکستان میں ہونے والے سبھی میچ سری لنکا میں کھیلے گئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ بھارت نے 2008 میں ایشیا کپ کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جس کی وجہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دیرینہ سیاسی کشیدگی ہے۔

آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی کے لیے پی سی بی کے مجوزہ شیڈول کے مطابق 3 مقامات کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں 8 ٹیموں کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے جب کہ بھارت کے تمام میچز لاہور میں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی یا نہیں؟ انڈین بورڈ کا اہم بیان سامنے آگیا

پی سی بی نے 3 اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم، کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا اور راولپنڈی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کو ایونٹ سے قبل ایلیوائز کیا جائے گا۔

بھارت کے علاوہ چیمپئینز ٹرافی میں حصہ لینے والی تمام 8 ٹیمیں پہلے ہی پاکستان میں کھیلنے کے لیے رضا مندی ظاہر کر چکی ہیں اور پی سی بی کا ماننا ہے کہ بھارت کے پاس یہاں نہ آنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کی مجوزہ تاریخیں 19 فروری سے 9 مارچ تک ہیں۔ پاکستان آخری بار 2017 میں کھیلی جانے والی چیمپیئن ٹرافی کا دفاع کرے گا، اس کے فائنل مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp