عمران خان پر نظر رکھنے کے لیے جیل سیل میں کتنے سو کیمرے اور مائیک لگے ہیں؟

جمعہ 16 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو اڈیالہ جیل میں مشکلات اور انہیں وہاں فراہم کی گئی سہولیات سے متعلق خبریں اکثر زیرگردش رہتی ہیں، تاہم اب ان کے سیل میں سینکڑوں کیمروں اور مائیک نصب ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

عمران خان کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید ان کے بھائی کے سیل میں 400 کیمرے اور مائیک لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ انکشاف مونال ریسٹورنٹ اور مارگلہ ہلز کیس میں 190 ملین پاؤنڈز سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس کے معاملے پر درخواست جمع کرانے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کو جیل میں سہولیات سے متعلق 2 ہفتوں کی رپورٹ طلب

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے سامنے جانا چاہتے ہیں اور ان سے کہنا چاہتے ہیں کہ عمران خان سے متعلق کیس نہ سنیں، 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ہی آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے القادر ٹرسٹ کیس میں اپنا فیصلہ دے دیا ہے، اب صرف ایک فارمیلٹی رہ گئی ہے کہ سیشن جج عمران خان کو سزا دیں، چیف جسٹس کے عہدے کی معیاد صرف 2 مہینے رہ گئی ہے، آپ اپنی عزت کا خیال رکھیں اور باعزت طریقے سے چھوڑ کر جائیں اور عمران خان سے متعلق مقدمات کی سماعت نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی اڈیالہ جیل سے تصویر لیک

انہوں نے کہا کہ ہم سارا دن ملک ریاض کا نام سنتے ہیں، ملک ریاض کا نام لینے سے ڈر رہے ہیں میں لے دیتی ہوں، قاضی صاحب کو بلڈر ملک ریاض کی اتنی فکر ہے تو ازخود نوٹس لے کر بلا لیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بھائی کے کیس کے لیے سپریم کورٹ آئے ہیں، ان کے پاس کیسز ختم ہو گئے ہیں، اگر یہ فوجیوں کو گرفتار کرنا شروع کردیں تو کیا کہا جاسکتا، بانی پی ٹی آئی جب وزیراعظم تھے تو ان کا تعلق ہر فوجی سے تھا، بانی پی ٹی آئی کے ٹیلی فون اس وقت ہم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp