بلوچستان کے ضلع چاغی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر دالبندین سے 5 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں پولیس کے مطابق فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے تاہم مقتولین میں سے کسی کی بھی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
پولیس کے مطابق دالبندین کے علاقے میں مغربی بائی پاس کے قریب 5 افر اد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں بجلی کے کھمبوں سے باندھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:گوادر میں فائرنگ: پنجاب سے تعلق رکھنے والے 7 حجام قتل
ریسکیو کے عملے نے لاشوں کو کھمبوں سے علیحدہ کرکے انہیں شنا خت، پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے لیے دالبندین اسپتال منتقل کر دیاہے۔
پولیس نے 5 افراد کی لا شیں ملنے کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، ابتدائی تحقیق کے مطابق تمام مقتولین شکل سے افغان شہری لگ رہے ہیں، لاشوں سے کسی قسم کی شناختی دستاویزات برآمد نہیں ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:مستونگ: 12 ربیع الاول کے جلوس پر حملہ، 53 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی، بلوچستان میں سوگ کا اعلان
پولیس ذرائع کے مطابق قتل کا یہ اندوہناک واقعہ کسی دہشت گرد تنظیم کی کارروائی معلوم ہوتا ہے، علاقے میں لاشوں کی برآمدگی پر شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔
واضح رہے کہ چاغی سے افغانستان اور ایران کی سرحدیں بھی منسلک ہیں اور یہاں افغان مہاجرین بھی رہائش پذیر ہیں۔