آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف سےاولمپیئن ارشد ندیم کے اعزاز میں پروقار تقریب

جمعہ 16 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے قومی ہیرو اولمپیئن ارشد ندیم کی پیر اولمپکس میں تاریخی کامیابی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں تقریب کا اہتمام کیا، جہاں قومی ہیرو کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں میں 1984 کی اولمپک اور قومی ہاکی ٹیمیں، قومی کرکٹ ٹیم، فٹ بال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بصارت سے محروم کرکٹ اور خواتین گول بال ٹیمیں، کامن ویلتھ کے میڈل جیتنے والے، ایس اے ایف اور ایشین گیمز اور پیرس اولمپکس 2024 کے ایتھلیٹس سمیت مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں اور لیجنڈری اولمپیئنز نے شرکت کی۔

پریس ریلیز کے مطابق قابل ذکر لیجنڈز میں جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینیئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق شامل تھے۔ تقریب میں ارشد ندیم کی والدہ اور ان کے قریبی رشتہ داروں، ساتھیوں اور کوچز نے بھی شرکت کی۔

آرمی چیف نے ارشد ندیم کی سنگلز ایونٹ میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کی شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بڑی کامیابی کا سہرا ارشد ندیم کے عزم، استقامت اور بہترین کارکردگی کو جاتا ہے۔ انہوں نے ارشد ندیم کی کامیابی کو متاثر کن قرار دیا اور ان کی کامیابی کے سفر کی مثال دیتے ہوئے سخت محنت اور عزم کی اہمیت پر زور دیا۔

آرمی چیف نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قومی فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے انہیں اپنی محبت اور اعزاز سے نوازا ہے۔

آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوان نسل اس ملک کا مستقبل ہے اور خوشحال پاکستان کی جانب گامزن ہونے کے لیے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ پوری پاکستانی نوجوانوں نسل کی مدد اور انہیں بااختیار بنایا جائے گا۔ آرمی چیف نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کی شمولیت، ان کی فلاح و بہبود اور تفریح کے مواقعوں اور صحت مند سرگرمیوں کو خوشحال معاشرے کے لیے بنیادی کلید قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستانی نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے چیلنجز پر قابو پانے اور کامیابی کے حصول میں سخت محنت، مثبت سوچ اور استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔ آخر میں آرمی چیف نے قومی ایتھلیٹس کو پاک آرمی کی جانب سے اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp