طوفانی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ: کوہ سلیمان رینج میں ٹریفک معطل، متعدد شہری زخمی

اتوار 2 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار طوفانی بارش سے سیلابی صورتحال جب کہ ژوب تا ڈی آئی خان روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔

پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہ این 50 پر دھاناسر اور مانیخوا کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کوئٹہ سے چار سو کلومیٹر جبکہ ژوب سے 90کلومیٹر دور دھانا سر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سےکئی کلومیٹر علاقے میں بڑی تعداد میں مسافر بسیں اور چھوٹی گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق خیبر پختونخوا اور بلوچستان بارڈر پر کوہ سلیمان رینج میں این 50 قومی شاہراہ پر دھانا سر میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک کا ایک بڑا حصہ دھنس گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں نیشنل ہائے وے اتھارٹی نارتھ کے جنرل مینیجر آغا عنایت اللّٰہ کا کہنا ہے کہ این ایچ اے کا ہیوی مشنیری کے ذریعہ ملبہ ہٹانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

’اس دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان تمام قسم کا ٹریفک معطل رہے گا۔‘

عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ مقام پر لگ بھگ 150 گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے دوران پہاڑ کا ایک بڑا حصہ سڑک پر گرنے سے شاہراہ پر جگہ جگہ بڑے بڑے پتھر پڑے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اسلام آباد، پشاور اور  سوات سے آنے والی گاڑیوں کو خیبر پختونخوا کی حدود میں اور اسی طرح بلوچستان سے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا عازم سفر شہریوں کو ژوب اور شیرانی میں روک دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر بادینزئی اور مانیخوا رسپانس ٹیمیں متاثرہ مقام پر روانہ کر دی گئی ہیں، جہاں ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک ٹریفک معطل کردی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کوہِ سلیمان رینج میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی پہاڑوں پر بھی طوفانی بارش سے دونوں صوبوں کے سرحدی علاقوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے۔

نیشنل ہائے وے اتھارٹی کے مطابق قومی شاہراہ این 50 کو ہلکے ٹریفک کے لیے کھولنے میں 24 گھنٹے درکار ہوں گے۔’متاثرہ مقام سے پھنسے ہوئے مسافروں کو بحفاظت نکالنا پہلی ترجیح ہے۔‘


دوسری جانب بارشوں کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے جس سے مشرقی اور شمالی اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، پشین، زیارت، قلعہ سیف اللہ، چمن، ژوب، بارکھان، ہرنائی، موسیٰ خیل اور دکی میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے اور بارشوں کا یہ سلسلہ پیر کی رات تک متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp