بی وائی ڈی کی آمد سے پاکستان جلد الیکٹرک گاڑیاں برآمد کرنے والا ملک بن جائے گا، وزیر خزانہ

ہفتہ 17 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ایسے اقدامات کی حمایت کے لیے پرعزم ہے جن سے نہ صرف گرین ٹیکنالوجی کو بلکہ مقامی معیشت کو بھی نمایاں فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:چین کی سب سے بڑی کارساز کمپنی پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں لانچ کرنے کے لیے پُرعزم

ہفتہ کے روز وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان ’بی وائی ڈی‘ برانڈ کے اجرا کی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو قرضوں پر انحصار کرنے کے بجائے ملک کو سرمایہ کاری کی منزل بنانا ہو گا، پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی آمد خوش آئند ہے، بی وائی ڈی کی آمد سے امید ہے کہ پاکستان بہت جلد الیکٹرک گاڑیاں برآمد کرنے والا ملک بن جائے گا۔

 انہوں نے گرین ٹیکنالوجی کے فروغ جیسے اقدامات سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور آٹوموٹو سیکٹر میں تکنیکی ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں:چنگان پاکستان نے الیکٹرک گاڑیاں دیپال ایل 07 اور ایس 07 لانچ کر دیں

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کے مستقبل کے لیے پائیدار جدت طرازی کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بی وائی ڈی کی پاکستان میں آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کمپنی کی جدید ترین ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی انتظام سے متلعق معاونت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مارکیٹ میں بی وائی ڈی کا داخلہ صرف نئی گاڑیاں متعارف کرانے کے بارے میں نہیں ہے۔ یہ ایک پائیدار مستقبل کو اپنانے اور پاکستان کے ماحولیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے، توانائی کی بچت کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی وائی ڈی جیسے بڑی عالمی کمپنی الیکٹرک وہیکل مارکیٹ میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ کر سکتی ہے اور پاکستان کی ہائی ٹیک برآمدات میں اضافہ اور تجارتی عدم توازن کو کم کرنے کی قومی حکمت عملی میں بھی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:کیا موٹرز پاکستان میں کونسی 4 نئی گاڑیاں لانچ کرنیوالا ہے؟

وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز مل کر ایسی اختراعات متعارف کرانے کے لیے کام کریں گے جو آنے والے سالوں میں ملک کے استحکام کے اہداف اور معاشی استحکام میں کردار ادا کرسکیں۔

الیکٹرک گاڑیوں اور قابل تجدید توانائی کے حل میں عالمی سطح پر سب سے آگے بی وائی ڈی نے آج پاکستانی مارکیٹ میں نمایاں انٹری کرتے ہوئے ماحول دوست نقل و حمل کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp