خیبرپختونخوا کابینہ سے برطرف ہونے والے سابق وزیر شکیل خان کے حق میں بیان دینے پر پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو فوکل پرسن برائے اراکین قومی اسمبلی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شکیل خان کے حق میں بیان دینے پر جنید اکبر کو عہدے سے ہٹایا، جن کی جگہ شاہد خٹک کو نیا فوکل پرسن تعینات کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں مستعفی وزیر شکیل خان کیخلاف بدعنوانی اور بد انتظامی کی شکایات تھیں، مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف
واضح رہے کہ شکیل خان کو کابینہ سے نکالے جانے پر جنید اکبر نے کہا تھا کہ وہ ایک کابینہ رکن کو اس طرح برطرف کرنے کے طریقہ کار سے اختلاف کرتے ہیں۔
دوسری جانب جنید اکبر نے نوتعینات فوکل پرسن برائے اراکین قومی اسمبلی شاہد خٹک کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لیے اس ذمہ داری کو پورا کرنا ممکن نہیں تھا۔
انہوں نے کہاکہ میں پہلے بھی پارٹی کے ساتھ تھا اور اب بھی ہوں، وزیراعلیٰ نے جو فیصلہ کیا اس پر انہیں داد دیتا ہوں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا موقف ہے کہ ان کو عہدے سے برطرف کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا میں اختلافات، وزیراعلیٰ پر شدید الزامات کے ساتھ صوبائی وزیر شکیل خان مستعفی
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے اس پر اپنے بیان میں کہاکہ شکیل خان پر کرپشن کے الزامات تھے جس پر عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔