گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں سندھ میں بجلی سستی کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو خط لکھوں گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کو چاہیے وہ پنجاب کی طرح اپنے صوبے کے عوام کو ریلیف دے، وزیراعلیٰ پنجاب کی طرز پر بجلی کی قیمت میں 14 روپے یونٹ کمی کا اعلان کریں۔
یہ بھی پڑھیں بجلی کے بلوں میں ریلیف، مریم نواز کا مصطفیٰ کمال کی تنقید پر جواب
انہوں نے کہاکہ اگر پنجاب کی طرح سندھ کے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف نہ دیا گیا تو اس سے صوبے میں احساس محرومی پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ میں اس معاملے پر سندھ حکومت کو خط لکھ رہا ہوں، کہ وہ صوبے میں بجلی کی قیمت کم کرنے کے لیے فنڈز مختص کرے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پنجاب میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔
نواز شریف اور مریم نواز کے اس اعلان پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے اعتراض اٹھایا تھا کہ صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتیں کم کرنا منظور نہیں۔
یہ بھی پڑھیں سندھ حکومت اتنی اچھی ہوتی تو آپ کے ساتھ اتحاد کیوں کرتے؟ مصطفیٰ کمال کا مریم نواز کو جواب
مصطفیٰ کمال کے اس اعتراض پر مریم نواز نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب حکومت نے اپنے بجٹ سے یہ رقم ادا کی ہے، ایم کیو ایم کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر سندھ حکومت سے بات کرے۔