رؤف حسن پاکستان مخالف صحافیوں کومعلومات فراہم کرتے تھے، طلال چوہدری

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے سینیئررہنما اورسینیٹرطلال چوہدری نے کہا ہے ماضی میں ایک جماعت ملک کو کمزور کرنے کی سازشوں میں ملوث رہی،اس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی ملوث رہے جبکہ  رؤف حسن پاکستان مخالف صحافیوں کو معلومات فراہم کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے رؤف حسن نے آرمی چیف سے متعلق حساس معلومات بھارت سے شیئر کیں، چشم کشا ثبوت سامنے آگئے

اتوار کو میڈیا کے لیے جاری ایک ویڈیو پیغام میں مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ طاقتور ادارے نے احتساب اپنے گھر سے شروع کیا ہے تو باقی اداروں کو بھی کرنا ہو گا، ملک کے خلاف سازش کرنے والوں میں سیاسی پارٹی کے لوگ اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی شامل تھے اس لیے تمام اداروں میں شفاف احتساب کے بغیر ملک میں استحکام آنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طاقتورادارے نے اپنے اندر احتساب کا عمل شروع کیا تو اب دیگر اداروں کو بھی خود احتسابی کا عمل شروع کرنا ہوگا، عدلیہ کو بھی اپنے اندر احتساب کا عمل شروع کر نا ہوگا، ہرادارے کے اندر خوداحتسابی کا عمل شروع نہ ہوا اور سیاسی جماعتوں نے اپنے اندر جھاڑو نہ پھیرا تو پھر باہر سے کوئی احتساب شروع کر دے گا، اس وقت اعتراض نہ کیجیئے گا۔

مزید پڑھیں:انسداد دِہشتگردی عدالت نے ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن درخواست ضمانت منظور کرلی

انہوں نے کہا کہ طاقتور ادارے، عدلیہ اور سیاسی جماعتوں سمیت سب کو خوداحتسابی کا عمل شروع کرنا ہو گا اور یہ عمل صاف و شفاف ہونا چاہیے۔ ثاقب نثار کے فیصلوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا اور اب وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ افراتفری، انتشار کی سیاست میں یہ کارروائیاں کوئی ایک آدمی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بھی اپنے ادارے میں ان لوگوں کا احتساب کرنا ہو گا جو ادارے سے فارغ ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ رؤف حسن بیرون ملک پاکستان مخالف صحافیوں کے ساتھ رابطے میں تھے، وہ پاکستان مخالف صحافیوں کومواد فراہم کرتے تھے اس میں وہ اکیلا نہیں تھا بلکہ یہ ایک پورا تانہ بانہ تھا، پورا ایک نظام تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم اسی وقت آئی ایم ایف کو خط لکھ رہی تھی کہ حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ کیا جائے۔اسی وقت رؤف حسن بھارتی صحافیوں کو مواد فراہم کر رہے تھے اور بانی پی ٹی آئی پاکستان کے اندر سیاسی ٹمپریچر بڑھا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک جونہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوا تو جان بوجھ کرپاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کی گئیں اور دھرنے دیے گئے۔ بانی پی ٹی آئی نے اب فیض حمید سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے لیکن تحقیقات میں سب کچھ سامنے آ جائے گا، سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے 4سالہ دور میں معیشت کو بے انتہا نقصان پہنچایا گیا۔

مزید پڑھیں:رؤف حسن ریمانڈ پر ، وقاص جنجوعہ کی رہائی کا حکم

سی پیک منصوبے کے دوران جان بوجھ کر دھرنے دیے گئے، پی ٹی آئی کے 4 سالوں میں پاکستان کے دوست اور ہمسایہ ممالک کو ناراض کیا گیا۔ سیاسی پارٹیوں کو بھی اپنے اندرسے مہروں کو باہر نکالنا ہوگا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر اب کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، معیشت کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے، پاکستان کو کمزور کرنے والے لوگوں کو انصاف کٹہرے میں لانا ہوگا، پاکستان کوکسی صورت افراتفری کاشکارنہیں ہونے دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp