رؤف حسن کے بھارتی رابطوں سے تحریک انصاف کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہوگیا، وفاقی وزیر اطلاعات

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن کے بھارت کے ساتھ روابط سے ان کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہوگیا، پاک فوج میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے فیض نیازی گٹھ جوڑ نے مل کر بیانیے چلائے۔

پی ٹی آئی ترجمان کے غیرملکی دشمنوں سے رابطوں پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان، فیض حمید اور بشریٰ بی بی نے اپنے اپنے مذموم مقاصد کے لیے ملک کو نقصان پہنچایا۔ فیض نیازی گٹھ جوڑ نے یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی کہ پاک فوج میں کسی قسم کی کنفیوژن یا تقسیم موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کے رؤف حسن نے آرمی چیف سے متعلق حساس معلومات بھارت سے شیئر کیں، چشم کشا ثبوت سامنے آگئے

انہوں نے کہاکہ ان عناصر نے ملک دشمنی کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں، غیرملکی صحافیوں کے ساتھ پی ٹی آئی کے روابط کے ثبوت سامنے آچکے ہیں اور انہوں نے ہی فتنہ الخوارج کو پاکستان میں واپس لایا گیا۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ غیرملکی فنڈنگ پر چلنے والی اس جماعت نے پہلے ایک سائفر لہرا کہ ملک کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، اور اب غیرملکی آقاؤں کا سہارا لے کر ملکی سالمیت اور بقا کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے، جس صحافی سے رؤف حسن کا رابطہ تھا وہ پاکستان مخالف جذبات کے حامل ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ 9 مئی کو ملک میں جو کچھ کیا گیا اس کی اب سمجھ آرہی ہے، پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں موجود سیل سے پاک فوج اور آرمی چیف کے خلاف مہم چلائی جارہی تھی، جس کے تانے بانے اب بھارت سے بھی مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ملک دشمنوں کے کہنے پر پاکستان مخالف مہم چلا رہی ہے، جس کے ثبوت سامنے آچکے ہیں، بھارتیوں نے تحریک انصاف کو بیرون ملک سے فنڈنگ کی۔

انہوں نے کہاکہ فارن فنڈنگ ٹولہ ملک دشمنی میں اپنی حد عبور کرگیا ہے، اب اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کا اصل ہدف پاکستان کے قومی مفادات اور فوج کو نقصان پہنچانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں رؤف حسن ریمانڈ پر ، وقاص جنجوعہ کی رہائی کا حکم

انہوں نے کہاکہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید پی ٹی آئی کا مہرہ بنے رہے اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے ان کا ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل رؤف حسن کے امریکی رائن گرم کے بعد بھارتی صحافی کرن تھاپر کے ساتھ بھی واٹس ایپ کے ذریعے ہوشربا رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ رؤف حسن نے آرمی چیف سے متعلق حساس معلومات بھی بھارتی صحافی کرن تھاپر کے ساتھ شیئر کیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp