احتساب عدالت کا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

احتساب عدالت اسلام آباد نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں جسمانی ریمانڈ سے متعلق سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل سے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان صفدر جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون، پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

مزید پڑھیں:جنرل (ر) فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان

نیب کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان شامل تفتیش ہو گئے ہیں۔ ان کے ہاتھ سے لکھا ہوا بیان تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کا تحریری بیان بھی نیب ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی گئی جس پر عدالت نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp