پنجاب میں بجلی پر سبسڈی کے اقدام کو سراہنا چاہیے، باقی صوبے بھی یہ کرسکتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 50 ارب روپے کا ریلیف دیا، اب پنجاب حکومت نے اگر 201 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دیا ہے تو اسے سراہا جانا چاہیے، دوسری صوبائی حکومتیں بھی چاہیں تو ایسا کرسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں حکومت پنجاب میں اگست اور ستمبر کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کمی کرے گی، نواز شریف کا اعلان

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجلی کے بلوں میں پنجاب حکومت کی جانب سے دیے گئے ریلیف پر پورے ملک میں مباحثہ شروع کردیا گیا۔ تمام سیاسی جماعتوں کو کہتا ہوں کہ مریم نواز کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ماڈل بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے جون، جولائی اور اگست کے بلوں میں 200 یونٹ تک کے صارفین کو ریلیف دیا، اب وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی ٹاسک فورس آئی پی پیز اور دیگر بجلی کے معاملات کو دیکھ رہی ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ مہنگائی پچھلے سال کے مقابلے میں 11 فیصد پر آگئی ہے اور ابھی مزید کم ہوگی۔

واضح رہے کہ جمعہ کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ اب 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف ملے گا۔

حکومت پنجاب کے اس فیصلے پر ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں۔

یہ بھی پڑھیں بجلی کے بلوں میں ریلیف، مریم نواز کا مصطفیٰ کمال کی تنقید پر جواب

مصطفیٰ کمال کی اس تنقید کے جواب میں مریم نواز نے کہا تھا کہ پیارے مصطفیٰ بھائی! پنجاب نے بجلی کے بلوں میں ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے پیسے دے کر لیا ہے۔ آپ بھی سندھ حکومت کو کہیں کہ وہ اپنے بجٹ سے صوبے کے عوام کو ریلیف دے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp