بیوقوفی کے اعلانات کا کیا جواب دیا جائے؟ مراد علی شاہ کی نام لیے بغیر پنجاب حکومت پر تنقید

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پنجاب حکومت کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب عجیب و غریب اعلانات کیے جاتے ہیں تو ہمیں پریشانی ہوتی ہے، ان بیوقوفی کے اعلانات کا کیا جواب دیا جائے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہاکہ ہم کام بتانے سے زیادہ کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، معلوم نہیں لوگ ٹی وی پر آنے کے لیے وقت کیسے نکال لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں باتوں سے زیادہ سندھ حکومت کا کام بولتا ہے، چاہتے ہیں پنجاب میں بھی عوام کو علاج مفت ہو، بلاول بھٹو

انہوں نے کہاکہ یہ اچھا ہے کہ کراچی کے تینوں اسپتالوں کا بجٹ اب ہم خود دے رہے ہیں، وفاق اس کو نہیں دیکھ رہا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی اسی تقریب میں پنجاب حکومت کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ باتوں سے زیادہ سندھ حکومت کا کام بولتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ پنجاب میں صحت کی سہولیات کے لیے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ڈاکٹر عذرا کو لاہور بھیجنے کے لیے تیار ہوں۔

واضح رہے کہ جمعہ کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ اب 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف ملے گا۔

حکومت پنجاب کے اس فیصلے پر ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ قبول نہیں۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب میں بجلی پر سبسڈی کے اقدام کو سراہنا چاہیے، باقی صوبے بھی یہ کرسکتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

مصطفیٰ کمال کی اس تنقید کے جواب میں مریم نواز نے کہا تھا کہ پیارے مصطفیٰ بھائی! پنجاب نے بجلی کے بلوں میں ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے پیسے دے کر لیا ہے۔ آپ بھی سندھ حکومت کو کہیں کہ وہ اپنے بجٹ سے صوبے کے عوام کو ریلیف دے۔

مریم نواز کے اس جواب پر مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ پیاری مریم بی بی! اگر سندھ حکومت اتنی اچھی ہوتی تو ہم انتخابات میں آپ کے ساتھ الائنس کیوں کرتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp