سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 5 دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر فتنہ خوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ خوارج کے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔

یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 5 دہشتگرد ہلاک کردیے، پولیس اہلکار شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 نوجوان شہید ہوگئے، جن میں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان شامل ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہاکہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین کا استعمال روکا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی لیکن پشتون تحفظ موومنٹ کا پاکستان کے خلاف احتجاج کیوں؟

آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp