وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں کئی اقدامات کر رہی ہے، ملکی ترقی کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہوگا۔ اسلام آباد کے نئے آئی ٹی پارک سے روزگار کے 10ہزار مواقع پیدا ہوں گے، پورے ملک میں ای روزگارسینٹرز کھولے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا زیادہ ترحصہ نوجوانوں پرمشتمل ہے، معیشت ہو یا سیکیورٹی، یا پھر زندگی کا کوئی بھی شعبہ ہو سب آئی ٹی پر منتقل ہورہے ہیں۔
مزید پڑھیں: 5 سے 75 لاکھ تک قرضہ کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟ شزہ فاطمہ کا وی نیوز کو خصوصی انٹرویو
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے، ڈیجیٹل اسکلز کے فروغ کے لیے حکومت نے بھاری بجٹ رکھا ہوا ہے۔ موجودہ دورمیں آئی ٹی کا کردار زندگی کے ہرشعبہ میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال جولائی میں آئی ٹی برآمدات 214 ملین ڈالرز رہیں، موجودہ حکومت آئی ٹی برآمدات کے اضافہ کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی توجہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت اور ایس آئی ایف سی کی معاونت سے وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں گیمنگ کے بہت سے ایکسپرٹ ہیں، اس انڈسٹری میں بہت پوٹینشل ہے ہم اس کو بھی فروغ دیں گے، اس حوالے سے بھی سینٹرز بنانے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عظمیٰ بخاری کی ڈیپ فیک ویڈیو کے ہر کردار کو بے نقاب کیا جائے گا، شزہ فاطمہ
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو قائم کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹلائیزیشن کے بعد پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی، ہر شخص کی پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کی جائے تاکہ اس کی تمام تر معلومات اس کے پاس ڈیجیٹلی موجود ہوں۔