سیکیورٹی فورسز کا مستونگ میں خفیہ آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی: آئی ایس پی آر

منگل 20 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے قتل کا بدلہ لیتے ہوئے مستونگ میں 3دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، خفیہ آپریشن کے دوران 3دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات پر آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل اے کے 3 دہشتگرد ہلاک اور 3زخمی ہوئے۔ ہلاک دہشتگرد ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے قتل میں ملوث تھے۔

مزید پڑھیں: مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن سے ڈپٹی کمشنر کے قتل کے گھناؤنے فعل کا بدلہ لیا ہے، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے گزشتہ ہفتے مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر جان بلوچ جاں بحق ہوگئے تھے، اس دوران ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور مالک جان سمیت ایک شخص زخمی ہوا تھا۔

واقعے کی خبر ملتے ہی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی کمشنر پنجگور کے قتل کی ذمہ دار بی ایل اے ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

اگلے روز وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست مخالف اس منظم سازش کے اس واقعہ کی بی ایل اے ذمہ دار ہے، بلوچوں کی نسل کشی تو خود یہ عناصر کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp