وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے صوبے کے عوام کو بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف دیا ہے، وفاق نے اس کے لیے کوئی فنڈز فراہم نہیں کییے، اس پر سیاست کرنے کے بجائے دوسرے صوبے بھی بسم اللہ کرتے ہوئے اپنے عوام کو ریلیف دیں تو ہمیں خوشی ہوگی۔
کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ وفاقی حکومت نے بجٹ کے بعد پی ایس ڈی پی سے 50 ارب روپے کی کٹوتی کرکے ملک بھر کے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 3 ماہ کے لیے ریلیف دیا۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب میں بجلی پر سبسڈی کے اقدام کو سراہنا چاہیے، باقی صوبے بھی یہ کرسکتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات
انہوں نے کہاکہ اب پنجاب حکومت نے اپنے ترقیاتی بجٹ سے 45 ارب روپے کی کٹوتی کرکے 200 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے اور حقائق کو مسخ نہ کیا جائے، خیبرپختونخوا کے ایک وزیر نے کہاکہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جو درست بات نہیں۔
’ملک میں مہنگائی 3 سال کی کم ترین سطح پر ہے‘
انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کام کررہی ہے، آج ملک میں مہنگائی 3 سال کی کم ترین سطح پر ہے، جو 38 فیصد سے 11.5 فیصد پر آگئی، لیکن اسے مزید کم ہونا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہاکہ ہم عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہیں، تاہم چیلنجز بہت زیادہ ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا اسٹاف لیول معاہدہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایف بی آر میں اصلاحات کی جارہی ہیں، ہم ریونیو کا ہدف 9 کھرب سے بڑھا کر ساڑھے 13 کھرب تک لے کر گئے۔
’ہمیں ٹیکس کے حصول کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی‘
وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں ٹیکس کے حصول کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی، پی ٹی آئی کے دور میں ہم ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے، لیکن اس کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت نے صورتحال پر قابو پایا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے وفاقی حکومت 55 ارب روپے فراہم کررہی ہے، جبکہ دیگر رقم بلوچستان حکومت ادا کرے گی۔
’بجلی چوری کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے گا‘
شہباز شریف نے کہاکہ پاور سیکٹر کے نقصانات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، بجلی چوری کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں حالیہ بارشوں کے دوران مالی نقصانات کے ساتھ جانی نقصان بھی ہوا جو افسوسناک ہے، تاہم اس دوران این ڈی ایم اے نے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو کنٹرول کیا۔
یہ بھی پڑھیں بجلی کی قیمت میں ریلیف، حکومت پنجاب نے تقسیم کار کمپنیوں کو خطوط ارسال کردیے
اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔