سپریم کورٹ نے حلقہ این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی

بدھ 21 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آف پاکستان نے حلقہ این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی، جسٹس امین الدین اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران جسٹس امین الدین نے کہا کہ ہم دوبارہ گنتی پر پہلے ایک فیصلہ دے چکے ہیں، کیا اس کیس میں بھی ویسے ہی حقائق ہیں؟

وکیل لیگی امیدوار حسن رضا پاشا نے عدالت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی اس کیس میں بھی حقائق وہی ہیں، جس پر جسٹس نعیم اختر افغان بولے کہ آپ کے کیس میں آر او کہہ رہا ہے اسے دوبارہ گنتی کی درخواست ہی نہیں ملی۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ آپ آر او کو دی گئی جو درخواست دکھا رہے ہیں اس پر کوئی تاریخ درج نہیں ہے، کیسے مان لیں آپ نے درخواست 9فروری کو ہی دی تھی۔

جسٹس نعیم اختر افغان کے اہم ریمارکس 

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ سے ثابت کریں ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست بروقت دی گئی تھی، آپ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر انخصار کررہے ہیں، سپریم کورٹ نے فیصلے میں 2اصول طے کیے۔

’سپریم کورٹ نے کہا جب دوبارہ گنتی کی درخواست بروقت آئے تو دوبارہ گنتی سے آر او انکار نہیں کرسکتا‘۔

انہوں نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے دوبارہ گنتی کے لیے دونوں امیدواروں میں ووٹوں کے فرق کو بھی بیان کیا، ریکارڈ سے کہیں بھی ثابت نہیں ہورہا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست 9 فروری کو آگئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ جس کاغذ پر انحصار کررہے ہیں اس پر تاریخ بھی درج نہیں، کیا ریٹرننگ افسر نے کسی بھی فورم پر تسلیم کیا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست آئی تھی۔

لیگی رہنما حسن رضا پاشا کے وکیل نے جواب دیا کہ ریٹرننگ افسر جھوٹ بھی تو بول سکتا ہے، جسٹس نعیم اختر بولے کہ ریٹرننگ افسر نے کہا دوبارہ گنتی کی درخواست بعد میں ذہن میں آنے والی سوچ ہے۔

دوران سماعت ڈی جی لا محمد ارشد عدالت میں پیش

جسٹس امین الدین خان نے ڈی جی لاء سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ریکارڈ کیا کہتا ہے، ڈی جی لا محمد ارشد بولے کہ ہمارے ریکارڈ کے مطابق 9فروری کو دوبارہ گنتی کی درخواست نہیں دائر کی گئی۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ ریکارڈ سے دکھائیں نتائج مرتب ہونے سے پہلے آپ نے آر او کو درخواست دی تھی کہ نہیں، عدالت کو مطمئن نہ کرسکنے پر این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست کو خارج کردیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp