ایران سڑک حادثے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پاکستانی زائرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ زخمیوں کو طبی مدد فراہم کرنے کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر زاہدان میں پاکستان کے قونصلر کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور زمینی صورتحال کا پتا لگانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ایران میں پاکستانی زائرین کی بس المناک حادثے کا شکار، 35 افراد جانبحق،25زخمی
ترجمان نے بتایا کہ وہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ بھی رابطہ کریں گے اور لاشوں کو پاکستان واپس بھیجنے کا انتظام کریں گے، جن میں سے زیادہ تر صوبہ سندھ کے رہائشی ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ نے ان کوششوں میں مدد فراہم کرنے اور لاشوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تہران میں پاکستان کے سفیر اور زاہدان میں ہمارے قونصلر تہران اور زاہدان میں ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ لاشوں کی بازیابی اور وطن واپسی میں تیزی لائی جاسکے اور زخمیوں کے علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: گھوٹکی: موٹروے پر مسافر کوچ اور ٹریلر میں تصادم، 8 افراد جاں بحق، 7 زخمی
واضح رہے ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 35 زائرین جاں بحق ہوگئے ہیں۔