مقامی میڈیا میں شائع خبر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں مرکزی قیادت نے اسمبلی فوری تحلیل کرنے کی رائے دے دی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نےاسمبلی فوری تحلیل کرنےکا کہا، اجلاس میں موجود رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل میں اب تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اس اجلاس کے بعد اب عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات ہوگی، اسمبلی توڑنےکاحتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد ہوگا، ملاقات کے بعد پنجاب اسمبلی کی تحلیل کیلئے سمری بھجوائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے ارکان، اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسمبلی نہ توڑنےکے وعدے پر ہی پرویز الہیٰ کو اعتماد کاووٹ دیا تھا۔