میں اور آرمی چیف یکجان دو قالب ہوکر پاکستان کو عظیم بنانے کے لیے کام کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 21 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں اور آرمی چیف یکجان دو قالب ہوکر پاکستان کو عظیم بنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں قومی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، حکومت وقت کا فرض ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے روشناس کرائے، ہمیں ترقیاتی بجٹ سے بھی فنڈز نکالنے پڑے تو نوجوانوں کی ترقی کے لیے پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم شہباز شریف کا 10 لاکھ طلبا و طالبات کو اسمارٹ فونز دینے کا اعلان

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، شیخ مجیب الرحمان نے پاکستان کو تقسیم کرنے کے لیے مہم چلائی تھی اور اس وقت کہاکہ دو قومی نظریہ بحر ہند میں دفن ہوگیا ہے، آج بنگلہ دیش میں ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے، اس کے مجسمے بھی گرا دیے گئے، جو ہمارے لیے کسی سبق سے کم نہیں۔

’ارشد ندیم نے یوم آزادی پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کیا‘

وزیراعظم نے کہاکہ اس بار یوم آزادی پاکستان کے موقع پر قومی ہیرو ارشد ندیم نے ہماری خوشیوں کو دوبالا کیا، اور پیغام دیا کہ انسان ہمت نہ ہارے تو چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ حکومت کا فرض ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرائے، پاکستان اپنی ہمت سے دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کرکے ہی رہے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی نوجوان نسل ٹیلنٹ سے بھرپور ہے، ہمیں کل کے دن کو روشن بنانے کے لیے آج تیاری کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو سیاسی و معاشرتی لحاظ سے 1973 کے آئین نے جوڑا ہوا ہے، ہمارے 100 اختلافات ہوں گے مگر آئین پاکستان پر کوئی اختلاف نہیں۔

’دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا‘

وزیراعظم نے کہاکہ 70 سال کے عظیم سفر میں کامیابیاں بھی ہیں اور ناکامیاں بھی ہیں، پاکستان ایٹمی قوت ہے، جس کے باعث دشمن میلی آنکھ سے ہماری طرف نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند سالوں میں کچھ غلطیوں کی وجہ سے دہشتگردی نے پھر سر اٹھایا ورنہ اس لعنت کا خاتمہ ہوچکا تھا، دہشتگردی کی جنگ میں ہماری معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا لیکن دنیا نے صرف 20 ارب ڈالر دیے۔

’ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنے میں سیکیورٹی فورسز کا کردار ہے‘

انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنے میں سیکیورٹی فورسز کا اہم کردار ہے، ہم نے ہر صورت دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں آرمی چیف نے منصب سنبھالتے ہی آگے بڑھنے کا پلان بتایا، شہباز شریف

انہوں نے کہاکہ ماضی میں ہمارے 5 سالہ منصوبے کو جنوبی کوریا نے نقل کیا، آج جنوبی کوریا کہاں چلا گیا اور ہم کہاں ہیں، سب کو معلوم ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، آج پاکستان کو تقسیم کی نہیں یکجہتی کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp