پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کل جلسہ ہر حال میں ہوگا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ گرفتاریوں سے بچنے کے لیے کل تک زیرزمین چلے جائیں، میں بھی زیرزمین جارہا ہوں اور کل باہر نکلوں گا۔
یہ بھی پڑھیں کل اسلام آباد جلسہ ہر صورت ہوگا، بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کا اعلان
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے دھمکی آمیز خبریں پھیلائی جارہی ہیں، لیکن ہم جلسہ ہر صورت کریں گے، اگر انتظامیہ نے تشدد کا سہارا لیا تو ہم نہیں جھکیں گے۔
جلسہ ہر حال میں ہو گا۔
چیف کمشنر نے ہائی کورٹ کے احکامات پر جاری کیا گیا این او سی واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ جیو ٹی وی اور دیگر سرکاری میڈیا پی ٹی آئی کے کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے دھمکی آمیز خبریں پھیلا رہا ہے۔ واضح رہے کہ جلسہ ترنول میں ہو گا اور اگر انتظامیہ نے تشدد کا…— Sher Afzal Khan Marwat (@sherafzalmarwat) August 21, 2024
انہوں نے کہاکہ ہم اسلام آباد میں جمع ہونے کا اعلان مشاورت کے بعد جاری کریں گے، تمام پاکستانی کل کے حالات کے گواہ رہیں اور اگر تشدد ہوا تو شہباز شریف، محسن نقوی، آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد ذمہ دار ہوں گے۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ میں کل دیگر قیادت کے ساتھ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچوں گا، دیکھتے ہیں کوئی ہمیں کیسے روکتا ہے، اگر حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار مسلم لیگ ن ہوگی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت کا این او سی منسوخ کردیا ہے، جس کے بعد بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور نے بھی کہا ہے کہ ہم جلسہ ہر صورت کریں گے۔