پی ٹی آئی جلسہ 5ویں بار ملتوی، ’عمران خان تصادم اور انتشار نہیں چاہتے‘ علی امین گنڈاپور کی کارکنوں کو تسلی

جمعرات 22 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی جانب سے اسلام آباد جلسہ ملتوی کیے جانے کے اعلان کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی اسلام آباد کے بجائے پشاور سے صوابی پہنچے اوروہاں موٹروے انٹرچیج پرجمع ہونیوالے کارکنان سے خطاب کرکے انہیں تسلی دینے کی کوشش کی۔

مختصر دورے پر صوابی پہنچنے کے بعد وزیراعلی خیبرپختونخوا سردارعلی امین گنڈاپور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ان کی جماعت نے آج اسلام آباد کے علاقے ترنول میں تاریخی جلسے کی بھر پور تیاری کی ہوئی تھی لیکن سب اپنے لیڈر عمران خان کے حکم کے پابند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے ترنول جلسہ ملتوی کردیا، نئی تاریخ کیا ہوگی؟

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مطابق پی ٹی آئی کے جلسے کی این او سی بار بار منسوخ کی جارہی ہے۔’ہم نے عمران خان کے حکم پر آج اسلام آباد کا جلسہ ملتوی کردیا ہے، 8 ستمبر کو ہم اسلام آباد میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے، عمران خان کے حکم پر ہم آگے جانے اور پیچھے ہٹنے کے لیے بھی تیار ہیں۔‘

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وفاق میں بیٹھی جعلی حکومت تحریک انصاف کے خلاف ایک منصوبہ بندی کے تحت فسطائیت کا مظاہرہ کر رہی ہے، اگلی دفعہ اگر این او سی نہ بھی ملے پھر بھی ہم جلسہ کریں گے، عمران خان نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہیں۔‘

مزید پڑھیں:جلسہ منسوخ نہیں ہونا چاہیے تھا، ورکرز دلبرداشتہ ہوتے ہیں، شعیب شاہین

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے مطابق عمران خان نے تصادم کے خدشے کے پیش نظر آج کا جلسہ ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے، کیونکہ وہ تصادم اور انتشار نہیں چاہتے، عمران خان اپنا نہیں بلکہ ملک اور قوم کا سوچتا ہے۔

’حکومت اور اداروں کو پیغام دیتا ہوں کہ عدالتوں کا احترام اور قانون کی پاسداری کا اپنا فرض پورا کریں، جعلی حکومت بار بار فسطائیت کرکے ہمارے ظرف اور صبر کا امتحان نہ لے، بار بار ملک کا آئین توڑنے والی مینڈیٹ چور حکومت ہوش کے ناخن لے۔‘

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ انہیں اس حد تک جانے پر مجبورنہ کیا جائے جو دوسرے برداشت نہ کرسکیں۔ ’عمران خان کے حکم پر ہم سروں پر کفن باندھ کے نکلتے ہیں، ہم آپ کا وہ حال کر دیں گے کہ آپ کی نسلیں یاد رکھیں گی۔‘

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی جلسہ منسوخی پر محمود اچکزئی کیوں ناراض ہیں؟

جلسہ 5ویں مرتبہ ملتوی، کارکن ناراض

 پشاور میں پی ٹی آئی رہنما کے مطابق پارٹی قیادت اور کارکنان کئی دنوں سے جلسہ کی تیاریوں میں مصروف تھے اور گزشتہ روز وزیر اعلی اور دیگر رہنماؤں کی جاری سے پیغامات سے لگ رہا تھا کہ جلسہ ہر صورت ہو گا جس کے لیے کارکنان بھی بہت زیادہ پرجوش تھے۔

انہوں نے بتایا کہ دور دراز اضلاع چترال، جنوبی و شمالی وزیرستان، بنوں، کوہستان اور دیگر علاقوں سے رات گئے ہی قافلے روانہ ہو گئے تھے، کچھ قافلے صوابی پہنچ گئے ہیں جبکہ کچھ یا تو واپس ہو گئے یا پہنچنے والے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ، 5 مرتبہ کب اور کیوں منسوخ ہوتا رہا؟

’کارکنان بضد ہیں کہ اسلام آباد جلسہ ہر صورت ہونا چاہیے اور وہ تمام رکاوٹیں ہٹا کر پہنچنے کے لیے پر عزم ہیں لیکن عمران خان نے جلسہ ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے۔‘

کرین سمیت تمام تر تیاریاں مکمل تھیں

پارٹی رہنما کے مطابق اسلام آباد جلسہ کے لیے خیبر پختونخوا میں تمام تر تیاریاں مکمل تھیں، ممکنہ رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے کرینوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا اور کارکنان بھی پرجوش تھے، انہوں بتایا کہ پارٹی اجلاسوں میں فیصلہ ہوا تھا کہ تمام ممبرز اپنے اپنے حلقوں سے کارکنوں کو باہر نکالیں گے جبکہ ممکنہ پولیس کارروائی اور شیلنگ سے بچاؤ کی بھی تیاری کرلی گئی تھی۔

صوابی انٹرچیج پر موجود پی ٹی آئی کارکن احمد علی نے فون پر بتایا کہ جلسہ ملتوی کرنے پر کارکنان مایوس اور خفا ہیں۔’کافی بڑی تعداد میں ورکرز یہاں پہنچے ہیں کچھ واپس ہو گئے جبکہ کارکنان یہاں بیٹھے ہیں، سب جلسے کے لیے پرجوش تھے جسے اچانک ملتوی کردیا گیا جو ان کے لیے مایوس کن ہے۔‘

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا جلسہ پھر ملتوی، ’ہر بار جلسہ منسوخ کرکے یہ عوام کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟‘

وزیر اعلی ہاؤس کے مطابق علی امین گنڈاپور صوابی میں جمع ہونیوالے کارکنان سے  خطاب کا مقصد عمران خان کی ہدایت پر پارٹی فیصلے سے آگاہ کرنا اور کارکنان سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا، وزیر اعلیٰ نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ جب بھی خان صاحب کال دیں گے وہ گھروں سے باہر نکلیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp