آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عصر حاضر کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیم، تنقیدی سوچ اور جدت طرازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نوجوان نسل خصوصاً طلبا سے کہا ہے کہ وہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں غلط اور جعلی خبروں کے خطرات سے بچنے کے لیے سمجھداری کا مظاہرہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، ڈیفالٹ کا بیانیہ بنانے والے آج کہاں ہیں؟ آرمی چیف
جمعرات کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کہ9 مختلف ممالک کی نمائندگی کرنے والے ہارورڈ بزنس اسکول (ایچ بی ایس) ٹریک 2024 کے 44 طلبا و طالبات پر مشتمل ایک وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق طلبا کو علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار، دہشتگردی کے خلاف اس کی غیر متزلزل کوششوں اور جمہوری اقدار کی پاسداری سے متعلق آگاہ کیا گیا، اس دوران طلبا کو اپنے نقطہ نظر کے تبادلے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم بھی مہیا کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں میں اور آرمی چیف یکجان دو قالب ہوکر پاکستان کو عظیم بنانے کے لیے کام کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
اعلامیے میں بتایا گیا کہ طلبا کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عصر حاضر کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیم، تنقیدی سوچ اور جدت طرازی کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان کی وسیع صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور دورے میں شریک طلبا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ذاتی تجربات کی بنیاد پر پاکستان سے متعلق اپنی رائے قائم کریں۔
آرمی چیف نے ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کے خطرات کے بارے میں بھی طلبا کو خبردار کیا اور زور دیا کہ وہ اس تمام تر صورت حال کو سمجھداری کے ساتھ دیکھیں۔
یہ بھی پڑھیں افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، آرمی چیف کا کاکول اکیڈمی میں خطاب
ہارورڈ کے طلبا نے تعمیری اور آزادانہ اظہار خیال کی سہولت فراہم کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل آرمی چیف نے 20 اگست کو جنرل ہیڈ کوارٹرز میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا سے بھی خطاب کیا تھا جس میں ملک کے نوجوانوں کی تربیت اور حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔