امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ فارم 47 سے مسلط اتحادیوں میں اختلاف اور ایک دوسرے کے خلاف ٹوئٹس کا سلسلہ محض نوراکشتی ہے، یہ سب ایک ہیں، اسٹیبلشمنٹ نااہل لوگوں کو قوم پر مسلط کرتی ہے اور پھر خود ہی پریشان ہوتی ہے۔ عوام اور بالخصوص تاجربرادری 28اگست کی ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کو ہر صورت کامیاب کریں۔
یہ بھی پڑھیں حکومت نے وعدہ پورا نہ کیا تو پوری طاقت کے ساتھ واپس آئیں گے، حافظ نعیم الرحمان
جمعہ کو پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عوام اور بالخصوص تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ 28اگست کی ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کو ہر صورت کامیاب کریں، اگر کسی گروپ نے ساتھ نہ دیا تو یہ مظلوم عوام کے ساتھ خیانت ہو گی۔ حکومت تاجروں میں تقسیم ڈالنے کی کوششیں کر رہی ہے، تاجر کمیونٹی حکمرانوں کے فریب میں نہ آئے، ہڑتال پر تاجر تنظیموں پر تقسیم پیدا ہو گئی تو پوری قوم کا نقصان ہو گا۔
معاہدہ پر عمل نہ ہوا تو پورا ملک اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گا
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاہدہ پر عمل درآمد نہ کیا تو پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، تاریخی لانگ مارچ ہو گا، یکم ستمبر کو ماس موبلائزیشن کمپین کا آغازہو گا، ملک بھر میں تنظیم سازی کا آغاز کریں گے، نوجوانوں کو خصوصی طور پر فوکس کیا جائے گا، خواتین ممبرز بنائیں گے۔ ختم نبوت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تحسین کرتے ہیں، یہ قوم کے لیے خوش خبری ہے۔
رحیم یار پولیس پر حملہ افسوسناک، عوام کے رکھوالے خود محفوظ نہیں
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ رحیم یار خان کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اس کی مذمت اور پولیس سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں، حالات کا اندازہ اس واقعہ سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے والے خود بھی محفوظ نہیں، کچے کے ایک طرف پنجاب میں ن لیگ اور دوسری طرف سندھ میں پی پی کی حکومت ہے اور انہی علاقوں میں ڈاکوؤں کا راج ہے۔
مزید پڑھیں اداروں کی کرپشن ختم ہوتو عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ان ڈاکوؤں تک جدید اسلحہ کیسے پہنچتا ہے، ادارے غافل ہیں، یہ دونوں اطراف کی حکومتوں اور خصوصی طور پر آئی جیز کی ناکامی ہے۔
پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں بات چیت کریں
انہوں نے کہا کہ امن کے لیے پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں بات چیت کریں، طالبان حکومت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، افغانستان کی سرزمین کو پاکستان میں دہشتگردی کے لیے کسی صورت استعمال نہیں ہونا چاہیے، اسی طرح پاکستان کوبھی افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے۔
فارم 47 کے اتحادیوں میں اختلافات نورا کشتی کے سوا کچھ نہیں
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فارم 47سے مسلط اتحادیوں میں اختلاف اور ایک دوسرے کے خلاف ٹوئٹس کا سلسلہ محض نوراکشتی ہے، یہ سب ایک ہیں، انہوں نے مل کر ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، اسٹیبلشمنٹ نااہل لوگوں کو قوم پر مسلط کرتی ہے اور پھر خود ہی پریشان ہوتی ہے، ہر کام ڈنڈے کے زور پر نہیں ہوتا۔
صوبائی حکومتیں اپنے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دیں
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بجلی کے ٹیرف پر صوبائی سیاست کی، البتہ اب تمام صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ اپنے صوبے کے عوام کو ریلیف دیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بجلی ٹیرف، ٹیکسز اور حکمرانوں کی مراعات میں کمی کے مؤقف پر جدوجہد کر رہی ہے، بڑے ایجنڈے کے ساتھ ملک گیر تحریک بھی برپا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:فیض حمید کی طرح ہر مجرم فوجی اور سویلین کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، حافظ نعیم الرحمان
وفاق بجلی کے یکساں اور اصولی ٹیرف کو ملک بھر میں لاگو کرے، آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ختم کیے جائیں، اگر شریف خاندان اور دیگر چند بڑے صنعت کاروں کی آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ختم ہو جائیں تو اربوں کی بچت ہو گی اور بجلی کی قیمت کم ہو جائے گی، اسی طرح حکمران اپنی مراعات ختم کر کے اور سود میں بتدریج کمی لا کر بھی سینکڑوں ارب بچا سکتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم، سیکرٹری جنرل کے پی عبدالواسع، صوبائی نائب امیر عنایت اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔