آزاد جموں و کشمیر کے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی حکومت عوام کے لیے ہیلتھ کارڈ سہولت فراہم کررہی ہے جس پر تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے۔
وی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اگلے کچھ دنوں میں ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت نے سوشل پروٹیکشن فنڈ بھی قائم کیا ہے جس کے لیے 9 ارب روپے منتقل کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے منافعے سے بیواؤں، یتمیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بجلی کے بلوں میں واضح کمی، بلکہ اب تو منفی میں آنے لگے
انہوں نے کہا کہ حال میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے سے حکومت پر سبسڈی کی مدد میں 18 تا 20 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے اور ساتھ ہی آٹے کی سبسڈی بڑھانے کی وجہ سے گندم سبسڈی 27-28 ارب تک دینی پڑے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بعد بھی آزاد کشمیر کے لوگ بجلی بل ادا نہیں کر رہے اور اب تک صرف 35 فیصد لوگوں نے ہی بجلی کے بل بھرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر لوگ یہ چاہتے ہیں کہ یہ سہولت قائم رہے تو ان کومیٹر نصب کروانے کے علاوہ وقت پر بجلی بل کی ادائیگی کرنی پڑے گی اور ساتھ ہی بجلی کی چوری سے بھی باز آنا ہوگا۔
مزید پڑھیے: آزاد کشمیر: بجلی کے کم بلوں نے لوگوں کو خوشی سے نہال کردیا
عبدالماجد خان نے کہا کہ مقامی حکومت اپنی آمدنی کو بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال ٹیکس کی آمدنی کا ہدف 44 ارب تھا لیکن ان کی حکومت نے 56 ارب روپے جمع کیے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ٹیکس کا ہدف بڑھا دیا گیا ہے اور امید ہے کہ یہ پورا کرلیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جب حکومت پاکستان نے وفاقی ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں تو اس سے 18 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا تھا۔
آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ نے کہا کہ اسمبلی کے اسپیکر کی سربراہی میں 9 اراکین اسمبلی نے حال ہی میں ترکی اور تاجکستان کے دورے کے دوران وہاں کے حکام کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت کی اور ان کو وہاں سے مثبت اشارے ملے۔
ہماری کشمیر پالیسی پر نقطے کے برابر بھی تبدیلی نہیں آئی، وزیراعظم آزاد کشمیر
انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں مقیم کشمیری پناہ گزینوں کے لیے گھر تعمیر کیے جارہے ہیں جس کے لیے حکومت پاکستان نے خطیر رقم فراہم کی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ کشمیری پناہ گزیں اپنے گھر خود تعمیر کریں گے جس کے لیے ان کو نقد رقم اور گھروں کے ڈیزائن فراہم کیے جائیں گے۔
عبدالماجد خان نے جموں کشمیر لبریشن سیل کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کو کشمیر کاز کے لیے مزید رقم درکار ہوگی تو حکومت وہ رقم فراہم کرے گی۔