کارساز حادثہ: کیس سے کیسے جان چھڑائی جائے؟ گورنر سندھ نے ملزمہ نتاشا کے شوہر کو مشورہ دیدیا

ہفتہ 24 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کارساز ٹریفک حادثہ کی ملزمہ نتاشا دانش کے شوہر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وکیلوں اور ججوں کو خریدنے کے بجائے متاثرہ فیملی کے پاس جائیں اور ہاتھ پاؤں پکڑیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم جاں بحق ہونے والے باپ بیٹی کے ورثا کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم یہ کوئی سوچی سمجھی سازش کے تحت قتل نہیں کیا گیا بلکہ ایک حادثہ ہے مگر اسے ڈرامہ نہ بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں سانحہ کارساز، کیا ذہنی مریضہ قرار دی جانے والی نتاشاسزا سے بچ جائے گی؟

انہوں نے کہاکہ جاں بحق ہونے والے باپ بیٹی کے ورثا متوسط طبقے کے لوگ ہیں، ان کو بتایا جائے کہ کیسے ان کے ساتھ کھڑا ہوا جاسکتا ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہاکہ اگر حادثے کو اس طرح سے ڈرامہ بنایا جائے گا تو پھر متاثرہ فیملی کو بھی تکلیف ہوگی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کی کارساز روڈ پر ایک تیز رفتار کار نے راہگیروں کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ دیگر 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

حادثے کے بعد معلوم ہوا تھا کہ حادثے کا شکار گاڑی کو معروف کاروباری شخصیت کی اہلیہ نتاشا دانش چلا رہی تھیں، پہلے ان کو ذہنی مریضہ قرار دینے کی کوشش کی گئی تاہم جناح اسپتال کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ان کی ذہنی صحت درست ہے۔

یہ بھی پڑھیں سانحہ کارساز: ’نتاشا دانش کو انسانی زندگیوں کے ضائع ہونے پر کوئی پچھتاوا نہیں‘

اب عدالت نے ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے، اور عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اس کیس میں انصاف کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp