آئی ٹی سی این ایشیا: 25 واں ایڈیشن 27 سے 29 اگست تک کراچی میں منعقد ہوگا

اتوار 25 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی اور ٹیلی کام نمائش (آئی ٹی سی این ایشیا) کے 25 ویں ایڈیشن کا انعقاد 27 سے 29 اگست تک کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا، اس نمائش کے ذریعے ملک میں 500 ملین سے زائد کی سرمایہ کاری ہونے کا امکان ہے۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ 25 اگست کو کراچی میں ہونے والی ایکسپو آئی ٹی سی این ایشیا کا افتتاح کریں گی، وہ بطور مہمان خصوصی تقریب کا افتتاح کریں گی،وفاقی وزیر تجارت جام کمال بھی 3 روزہ تجارتی میلے میں ایگری ٹیک کانفرنس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: روبوٹیک نمائش میں کم عمربچوں نے حیران کر دینے والی ٹیکنالوجیز متعارف کروا دیں

یہ تقریب ایس آئی ایف سی کے اہم اہداف پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے آئی ٹی انڈسٹری کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرے گی تاکہ پاکستان کو دنیا میں ابھرتا ہوا ٹیک حب بنایا جائے۔

یہ تقریب ورلڈ سی آئی او 200 سمٹ کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی بھی کرے گی جو کہ 55 ممالک میں منعقد ہونے والا ایک عالمی سمٹ ہے، جس سے عالمی ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔

اس تقریب میں معروف عالمی اور مقامی 750 کمپنیاں جیسے کہ گوگل، ٹک ٹاک، مائیکروسافٹ، اوڈو، ہواوے، پی ٹی سی ایل، ایزی پیسہ شرکت کر رہی ہیں، تقریب میں ٹیک سیکٹر کے 300 سے زائد مقررین اور 70 ہزار زائرین کی میزبانی کی جائے گی، جن میں سعودی عرب، چین، سنگاپور، آذربائیجان، بحرین، ایران، مصر، متحدہ عرب امارات وغیرہ سمیت 17 ممالک کے 350 غیر ملکی مندوبین شامل ہیں۔

تقریب میں کئی نالج سیشنز جیسے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کانفرنس، انوسٹرس سمٹ، ڈیجیٹل بینکنگ کانفرنس، انفارمیشن سیکیورٹی کانفرنس، کلاؤڈ اینڈ ڈیٹا سینٹر کانفرنس، اسٹارٹ اپ کانفرنس، ای کامرس کانفرنس، گیمنگ اینڈ اینیمیشن سمٹ، اسٹارٹ اپ کانفرنس، بلاک چین کانفرنس، اور ورلڈ سی آئی او 200 سمٹ، وغیرہ منعقد کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی کی رفاہ یونیورسٹی میں منفرد نمائش کا انعقاد

ایونٹ ڈائریکٹر آئی ٹی سی این ایشیا عمیر نظام کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر اپنی برآمدات میں مسلسل اضافے اور مختلف ممالک میں مقامی کمپنیوں کی توسیع کے ساتھ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔

’عالمی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کو بڑھا رہی ہیں جس سے مقامی صنعتوں کی ترقی کی راہ ہموار ہو رہی، حکومت اور ایس آئی ایف سی کے وژن کی وجہ سے ملک ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے تکنیکی سنگ میلوں پر اپنی معیشت کو بہتر بنارہا ہے۔‘

عمیر نظام کا کہنا ہے کہ ہر سال آئی ٹی سی این ایشیا تمام اسٹیک ہولڈرز، پالیسی سازوں سے لے کر عالمی اور مقامی تکنیکی اداروں، پیشہ ور افراد اور مفکرین تک جدت اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ آزاد کشمیر کے زیراہتمام مقابلہ مصوری اور تصویری نمائش کا انعقاد

خیال رہے کہ 25 ویں آئی ٹی سی این ایشیا کو وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام، ایس آئی ایف سی، ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، پاکستان سافٹ ویئر ہاوس ایسوسی ایشن اور دیگر کی حمایت حاصل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp