یمن میں کشتی الٹنے سے 13 افراد ہلاک، 14 لاپتا

اتوار 25 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یمن میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں،آبنائے باب المندب کے ساحل سے جاں بحق افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین (آئی او ایم) نے کہا ہے کہ یمن کے ساحل پر ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک اور 14 دیگر لاپتا ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:یونان کشتی حادثہ، جاں بحق 99 فیصد مسافر پاکستان سے قانونی طور پر گئے تھے، وزیر داخلہ

آئی او ایم کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کی کشتی 25 ایتھوپیائی اور 2 یمنی شہریوں پر مشتمل تھی جو جنوب مغرب میں یمن کے صوبہ تعز کے ساحل سے گزر رہی تھی۔

ہلاک ہونے والوں میں 11 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں جنہیں آبنائے باب المندب کے ساحل سے برآمد کیا گیا جو عالمی اجناس کی ترسیل کے لیے دنیا کے اہم ترین سمندری راستوں میں سے ایک ہے۔

مزید پڑھیں:یونان کشتی حادثہ: گجرات سے ایک اور انسانی اسمگلر گرفتار

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جن میں یمنی کپتان اور ان کا معاون بھی شامل ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ جہاز ڈوبنے کی وجہ کیا تھی۔

جولائی میں یمن کے شہر تعز کے ساحل پر کم از کم 45 پناہ گزینوں کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی تھی اور اس میں صرف 4 افراد زندہ بچ سکے تھے۔

آئی او ایم، جو سمندری راستوں پر ہلاکت یا لاپتا ہونے والے تارکین وطن کا ریکارڈ رکھتا ہے، نے 2014 سے اب تک مشرقی افریقہ اور ہارن آف افریقہ سے خلیجی ممالک جانے والے راستے پر 2،082 تارکین وطن کی ہلاکتوں اور گمشدگیوں کو ریکارڈ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp