وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹانے کا چیف سیکرٹری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

جمعرات 12 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹانے کا چیف سیکرٹری کا 22 دسمبر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

مقامی میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کا اعتماد کا ووٹ تسلیم کرنے اور ڈی نوٹیفائی کا حکم واپس لینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی درخواست نمٹا دی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہےکہ پرویز الٰہی نے وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا، ان کو ہٹانے کے نوٹیفکیشن کو معطل کیا گیا ہے، دوران سماعت آج گورنر پنجاب نے نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔

جسٹس عابد عزیز شیخ نے کہا کہ عدالت نے گورنر پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم معطل کیا، پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ نے 12 جنوری کو اعتماد کا ووٹ حاصل کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئین کے آرٹیکل 137 کے سب سیشن 7 کے تحت اعتماد کا ووٹ حاصل کیا، اعتماد کے ووٹ کا نتیجہ گورنر پنجاب نے مان لیا ہے اور گورنر کے وکیل منصور اعوان نے گورنر کی جانب سے بیان عدالت میں دیا۔

عدالت نے گورنر پنجاب کے وکیل کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا اور کہا کہ گورنر پنجاب کے وکیل نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا بیان دیا ہے پرویز الٰہی فلور ٹیسٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں چیف سیکرٹری پنجاب کا وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کا 22 دسمبر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp