گزشتہ روز بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے اندوہناک واقعات پیش آئے، لوگوں کو بسوں سے اتار کر مارا گیا۔ دہشتگردوں کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں، ان کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ سپہ سالار اور قوم یکسو ہے، دہشتگردی ختم کرنے کا اب وقت آچکا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر یہ چیلنج عبور کرے گی، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سپہ سالار اور پوری قوم یکسو ہے۔ دہشتگردوں کے سامنے کسی قسم کی کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
مزید پڑھیں: افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو، وزیر اعظم کا ایس سی او سمٹ سے خطاب
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کا واحد مقصد ملکی ترقی کا سفر روکنا ہے، دہشتگردی کو ختم کرنے کا وقت آپہنچا ہے۔ دہشتگردانہ واقعات سے سی پیک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ دہشتگرد پاکستان اور چین کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بہت جلد بلوچستان کا دورہ کروں گا، جامع بات چیت کے ساتھ مسائل کے حل تلاش کریں گے۔ شرط اول ہے کہ پاکستان کے دشمن کو پہچاننا ہوگا۔ آئین پاکستان کو تسلیم کرنے والوں کے لیے بات چیت کے تمام راستے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو دہشتگرد کارروائیاں کر رہے ہیں ان کا واحد مقصد ہے ملک میں خلفشار پیدا کرنا۔ دہشتگردوں کے مذموم ارادے ناکام ہوں گے اور خاک میں مل جائیں گے۔
’کل کے واقعات ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی موسیٰ خیل میں مسافروں کے قتل کی مذمت
ان کا کہنا تھا کہ باقی اخراجات کم کرکے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تمام وسائل فراہم کریں گے، پاک فوج کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اور جلد ان دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دوست نما دشمن کے ساتھ نہ بات ہوگی نہ نرم رویہ رکھا جائے گا، جو بھی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اس کا قلع قمع کریں گے۔