سیکیورٹی فورسز کا وادی تیراہ میں آپریشن، فتنہ خوارج کے سرغنہ سمیت 25 دہشتگرد ہلاک

منگل 27 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ اس دوران 11 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرکےعلاقے تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کے 4 جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:سیکیورٹی فورسز کا مستونگ میں خفیہ آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں فتنہ الخوارج، نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے خلاف وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کررہی ہیں۔ 20 اگست 2024 سے جاری آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے اب تک 25 خوارج کو ہلاک کیا ہے، جن میں خارجی سرغنہ ابوذر عرف صدام بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان ہوا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت آصف زرداری کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر میں فتنہ الخواراج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، مادر ِوطن کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp